اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے عوام کی بہتری کے لیے ہفتے کے تمام دن کام کرتا ہے۔
ترنول میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عمران خان 18 اگست 2023 تک وزیراعظم ہیں اور تاریخ میں پہلی بار اگلے وزیراعظم بھی وہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے اپنی چوری بچانے مارچ کرنے آ رہے ہیں جبکہ عوام ان کے لئے نکلنے کیلئے تیار نہیں ہیں، نواز، زرداری یا ان کی اولادیں علاج کرانے باہر جاتے ہیں، پی ڈی ایم بھی ایک بیماری ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد کو ڈالروں کے بدلے داو پر نہیں لگائیں گے، چین ہو روس یا امریکا پاکستان سب سے بہتر تعلقات چاہتا ہے بلکہ یہی نہیں ہم ساری دنیا سے برابری کی سطح پر بہترین تعلقات چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں سے نیا پاکستان دیکھنے کو ملا، نیا پاکستان اور اس کی قوم کا کوئی بھی شخص کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، ماضی کے حکمرانوں نے قوم کو قوم نہیں بنایا تھا۔
اسد عمر نے کہا کہ ترنول میں تین بڑے اسپتال جبکہ دیہی علاقوں میں سڑکیں، گلیاں اور شہر میں بڑے منصوبے بنانے جارہے ہیں، میرے حلقے میں آٹھ دیہی یونین کونسلز میں 4 بنیادی صحت مراکز پر کام جاری ہیں۔