ممبئی(نیوز ڈیسک)بالی وڈ کی مایہ ناز جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے رواں ماہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبریں گردش میں ہیں جبکہ شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی فہر ست بھی سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا پر خبریں سرگرم ہیں کہ دونوں اداکار اپریل کی 16 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، دونوں کی شادی کی تقریبات 13 سے 17 اپریل کے درمیان منعقد ہوں گی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ نےخود کو اپنے گھر میں قید کرلیا ہے اور اس کی وجہ کوئی اور نہیں ان کی شادی ہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ نے میڈیا والوں کے شادی سے متعلق سوالات سے بچنے کیلئے خود کو اپنے گھر میں بند کرلیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ شادی تک وہ اپنے گھر میں ہی رہیں گی۔
اطلاعات کے مطابق عالیہ اور رنبیر نے اپنی شادی کی تاریخ کو بھی خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس حوالے سے کئی خبریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔
اس کے علاوہ کہا جارہا ہے کہ عالیہ کے والدین مہیش بھٹ اور سونی رازدان، عالیہ کے نانا ،نانی، رنبیر کی والدہ اور بہن اور ان کے بہترین دوست آیان مکھرجی بھی اس شادی میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں عالیہ اور ان کی شادی جلد ہونے کا اعتراف کیا تھا لیکن انہوں نے اپنی شادی کی تاریخ نہیں بتائی تھی۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی جانب سے تاحال شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور گزشتہ چند سالوں سے ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں اور جلد شادی کے بندھن میں بھی بندھنے والے ہیں تاہم میڈیا کے پوچھنے پر ہر بار عالیہ شادی کی تاریخ والے سوال کو نظرانداز کردیتی ہیں۔









