بالی وڈ کی مشہور اداکارہ پریتی زنٹا ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہیں جس پر انہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہر بات میں سیلیبرٹیز کی کردار کشی کی عادت چھوڑ دیں اور رائے قائم کرنے سے پہلے تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھیں۔
گزشتہ دنوں پریتی زنٹا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر انہیں ایک معذور گداگر کے ساتھ مبینہ نامناسب رویہ اپنانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
اداکارہ کی جانب سے اپنے سوشل اکاؤنٹ پر واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا گیا کہ اس ہفتے رونما ہونے والے دو واقعات نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے پہلا واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ میری بیٹی سے متعلق ہے، جب ایک خاتون میری بیٹی کی تصاویر لینے کی کوشش کررہی تھی، میں نے اسے منع کیا لیکن پھر وہ اس سے بھی باز نہیں آئی اور اس نے میری بیٹی کو زور سے پکڑتے ہوئے منہ پر بوسہ دیا اور پھر وہاں سے بھاگ گئی لیکن ایک مشہور شخصیت ہونے کی وجہ سے میں نے کوئی جوابی ردعمل نہیں دیا۔
اداکارہ نے دوسرا واقعہ بتاتے ہوئے لکھا کہ ایک معذور گداگر مجھ سے پیسے مانگ رہا تھا، میں اکثر اسے پیسے دے دیتی تھی لیکن اس وقت میرے پاس پیسے موجود نہیں تھے، میں نے معذور گداگر سے کہا بھی تھا کہ میرے پاس آج صرف کریڈٹ کارڈ ہے، جس پر میرے ساتھ موجود ایک خاتون کی جانب سے اسے پیسے دے دیےگئے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس معذور شخص نے خاتون کی جانب واپس پیسوں کو پھینک دیا کیونکہ وہ کافی نہیں تھے اور پھر غصہ دکھاتے ہوئے میرے گاڑی کا پیچھا کرنے لگا۔
اداکار نے فوٹو گرافر پر بھی تنقید کرتے ہوئےکہا کہ کسی نے اس گداگر کو نہیں روکا اور مذاق اڑاتے رہے۔
View this post on Instagram
پریتی زنٹا نے اپنی پوسٹ میں تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید لکھا کہ ہر بات میں سیلیبرٹیز کی کردار کشی کی عادت چھوڑ دیں، رائے قائم کرنے سے پہلے تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھیں۔
انہوں نے آخر میں لکھا کہ خدارا میرے بچوں کا پیچھا چھوڑ دیں، مشہور شخصیات کے بچوں کا ان کی ذاتی زندگی سے کوئی تعلق نہیں، فوٹوگرافرز ویڈیو بنانے کے بجائے ذمہ داری اور انسانیت کا مظاہرہ کریں۔









