مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بھی آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھی پاکستان کے ساتھ عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے جب کہ بھارت، بنگلادیش، ایران، ملائیشیا، تھائی لینڈ، سنگاپور، آسٹریلیا، برونائی، جاپان اور فلپائن میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ملکوں فلسطین، لبنان، عراق، ترکیہ اور افغانستان میں جمعہ کو عیدالفطر منائی گئی تھی۔
سعودی عرب کے شہر مکہ میں مسجد الحرام اور مدینہ میں مسجد نبوی میں عید کی نماز کے سب سے بڑے اجتماعات ہوئے۔
امریکا اور کینیڈا میں بھی جمعہ کے روز عیدالفطر منائی گئی جبکہ برطانیہ اور یورپ میں اس بار بھی کمیونٹی منقسم ہے، بعض نے جمعہ کو عید منا لی جبکہ دیگر آج منا رہے ہیں۔
خانہ جنگی سے متاثرہ سوڈان میں جمعہ کو عید منائی گئی، پیراملٹری فورس سے تقریباً ایک ہفتے کی لڑائی میں فوج کو برتری حاصل ہونا شروع ہوئی ہے۔
البانیہ میں بھی جمعہ کو عید منائی گئی جب کہ عیدالفطر پر قطرکا ورلڈکپ اسٹیڈیم نمازیوں سے بھر گیا۔








