موہالی(ممتازنیوز) پنجاب کے سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل منگل کو 95 سال کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب موہالی کے فورٹس ہسپتال میں داخل تھے اور طویل عرصہ سے بیمار تھے۔ پرکاش سنگھ بادل ریکارڈ پانچ مرتبہ پنجاب کے وزیر اعلی رہے۔
شیرومنی اکالی دل کے سینئر لیڈر کو سانس لینے میں پریشانی ہونے کی شکایت کے بعد ایک ہفتے پہلے موہالی کے فورٹس ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ انہیں پیر کو بھی آئی سی یو میں رکھا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز ان کی صحت پر گہری نظر رکھ رہے تھے۔
پنجاب کے پانچ مرتبہ وزیراعلی رہ چکے بادل کو گیسٹرائٹس اور سانس لینے میں پریشانی ہونے کی وجہ سے پچھلے سال جون میں بھی ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔
کورونا کے بعد صحت جانچ کیلئے فروری 2022 میں انہیں موہالی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال لے جایا گیا تھا ۔
بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے لکھا کہ شری پرکاش سنگھ بادل جی کے انتقال سے انتہائی غمزدہ ہوں۔ وہ ہندوستانی سیاست کی عظیم شخصیت تھے اور قابل ذکر سیاستدان تھے جنہوں نے ہماری قوم کے لیے بہت زیادہ کام کیا۔ انہوں نے پنجاب کی ترقی کے لیے انتھک محنت کی اور نازک وقت میں ریاست کو لنگر انداز کیا۔
بھارتی صدر نے کہا کہ شری پرکاش سنگھ بادل آزادی کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے سیاسی لیڈروں میں سے ایک تھے۔ اگرچہ عوامی خدمت میں ان کا مثالی کیرئیر زیادہ تر پنجاب تک محدود رہا، لیکن ملک بھر میں ان کی عزت کی جاتی تھی۔ ان کے انتقال سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے میری دلی تعزیت۔
سابق وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب پرکاش سنگھ بادل چل بسے








