بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلاول بھٹو ایس سی او اجلاس میں کشمیریوں کے تحفظات کو اجاگر کریں ،فریدہ بہن جی

سرینگر ( ممتاز نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زردری پر زوردیا ہے کہ وہ شنگھائی تعاون اجلاس کے موقع پرمظلوم کشمیری عوام کی ترجمانی کرکے مسئلہ کشمیر خاص کر ایک متنازعہ علاقے میں جی ٹونٹی اجلاس پر کشمیریوں کے تحفظات کو اجاگر کریں ،جمعرات کو جاری بیان میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ پاکستان کے وزیر خارجہ ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لئے بھارتی شہر گوا میں ہیں ، اور کشمیریوں کو امید ہے کہ وہ اپنے اس دورے کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم خاص کر پانچ اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے بعد کی صورتحال اور ایک متنازعہ علاقے میں بھارت کی جانب سے جی ٹونٹی اجلاس کے انعقاد کے معاملات پر کھل کر بات کریں گے ، انہوں نے کہا کہ اگر چہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بیرونی ممالک کے دوروں کے دوران کشمیر پر پاکستان کا واضح موقف اپنایا ہے تاہم کشمیریوں کوامیدہ کہ وہ اس دفعہ انہیں مایوس نہیں کریں گے اور ایس سی او اجلاس کے موقع پر کشمیر پر واضح موقف اپنا کر کشمیری عوام کی صحیح ترجمانی کریں گے ،فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان نے کسی بھی موڑ پر کشمیریوں کو تنہانہیں چھوڑا اور ان کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمائت جاری رکھی ، خاص کر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے حالیہ بیانات حوصلہ افزاء ہیں جن سے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں ، انہو ں نے کہاکہ بھارت سرینگر میں جی ایٹ کا اجلاس منعقد کرکے عالمی سطح پر یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ کشمیرکے حالات نارمل ہیں اور کشمیر اس کا حصہ ہے لیکن عالمی برادری خاص کر جی ایٹ ممالک کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل ہونا ابھی باقی ہے اور ایک متنازعہ علاقے میں بھارت کی جانب سے جی ایٹ ممالک کا اجلاس منعقد کرانا یواین چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے ،انہوں نے کہاکہ بلاول کو بھارت سمیت ایس سی او ممالک پر بھی یہ واضح کرنا چاہیے کہ خطے میں پائیدار امن و خوشحالی مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کئے بغیر ناممکن ہے اور اس سلسلے میں روس اور چین کو اپنا کردار اداکرنے کے لئے بھارت پر دباو ڈالنا چاہیے، فریدہ بہن جی نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنماء شہید محمد اشرف صحرائی کو بھی ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہید اشرف صحرائی نے جس مشن کے لئے اپنی جان اور بیٹے کو قربان کیا وہ منزل کے حصول تک جاری رہے گا