اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج پوری قوم بیرونی سازش کے ذریعے مسلط امپورٹڈ حکومت کے خلاف یک زبان ہو کر اٹھ کھڑی ہے۔بنی گالہ میں عمران خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید ملاقات ہوئی ۔اس موقع گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف گلگت بلتستان کے عوام کے جذبات اور تاریخی ردعمل کے حوالے سےعمران خان کو آگاہ کیا۔ خالد خورشید نے قلیل مدت میں گلگت بلتستان کے تمام تر دیرینہ مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے کر تاریخی ترقیاتی و معاشی پیکج منظور کرنے اور انتظامی اصلاحات اور عبوری آئینی صوبہ کے معمہ پر تیز ترین پیش رفت کرانے پر چئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا گلگت بلتستان کی عوام کی جانب سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ آزاد و خودار پاکستان کی جدوجہد کے لئے پرعزم ہیں اور بھرپور استقامت کے ساتھ اس عظیم منزل کے لئے جدوجہد کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ قوم نے خودار و آزاد پاکستان کے لئے جس حمایت کا اظہار کیا ہے وہ تاریخی ہے جس کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم بیرونی سازش کے ذریعے مسلط امپورٹڈ حکومت کے خلاف یک زبان ہو کر اٹھ کھڑی ہے۔ عمران خان نے گلگت بلتستان کے اپنے ممبران، ذمہ داران و کارکنان کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا کرپٹ ٹولہ وفاق کی طرح گلگت بلتستان میں بھی سازشیں کریگا لیکن یہ لوگ چند مہینوں کے مہمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 3 سے 4 مہینوں میں ان کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوگا اور تحریک انصاف بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آئیگی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت انشاء اللہ کم از کم 7 سال تک قائم رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پی ٹی آئی کے ممبران، ذمہ داران و کارکنان متحد ہوکر امپورٹڈ حکومت کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں۔ ملاقات میں عمران خان نے یقین دلایاتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کے پائیدار و جامع ترقی کا خواب پورا کرینگے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہی گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر کریگی۔
پوری قوم امپورٹڈ حکومت کیخلاف یک زبان ہو کر کھڑی ہے، عمران خان








