اٹک /اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اٹک کے علماکرام نے ایک سیاسی جماعت کے احتجاج مظاہروں کے دوران علماکرام خصوصاًامیرجے یو آئی(ایف) کی توہین پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے هعلماکی توہین کرنے والوں کو بددعائیں دینے اور ان کے نکاح اور جنازے نہ پڑھانے کا اعلان کیا ہے۔اٹک کے علما کرام کے دستخطوں سے جاری کئے گئے متفقہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کی طرف سے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے،گزشتہ دنوں فوارہ چوک اٹک میں بھی مذکورہ جماعت نے احتجاج کیا،اس موقع پر علماکرام کی علی الاعلان توہین کی گئی بالخصوص قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان اوردیگر معتبر علما کی سخت توہین کی گئی۔اس کے علاوہ دیگرشہروں بالخصوص تیمرگرہ (دیر) میں مذکورہ جماعت کے کارکن ایک مسجدمیں داخل ہوئے اور توڑپھوڑ کی ،مسجدکی بے حرمتی کی اور ایک عالمی دین کی داڑھی نوچی۔اعلامیے میں کہاگیاکہ مساجد شعائر اللہ ہیں علماقابل احترام اور انبیاکرام کے وارث ہیں ان کی توہین سے کفرکا اندیشہ ہے،لہذا مذکورہ بالاتمام حرکات وبداعمالیوں کودیکھتے ہوئے اٹک کے تمام علما کرام نے متفقہ فیصلہ کیا ہے اس طرح کی غنڈہ گردی اور غیرشرعی و غیراخلاقی حرکات ہر گزقابل برداشت نہیں ہیں ہم ایسے تمام افراد کے لئے بددعائیں کریں گے اور نہ تو ان کے نکاح پڑھائیں گے اور نہ ہی جنازوں میں شرکت کریں گے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی وہ علما کی توہین کرنے والوں کو روکے اور ان پر پابندی لگائے تاکہ امن برقرار رہے۔










