بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہم سب تحفظ ناموس رسالت کے ادنیٰ سے سپاہی ہیں، پرویزالٰہی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی زیر صدارت مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا ہے جس میں کل الیکشن کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ختم ہونے پر گستاخ ڈچ ایم پی گیرٹ ویلڈرزکا خوشیاں منانا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان سچے عاشق رسول ہیں۔ پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ہم سب عمران خان کے ساتھ تحفظ ناموس رسالتﷺ اور تحفظ ختم نبوتﷺ کے معاملہ پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ گستاخ ڈچ ایم پی گیرٹ ویلڈرز نے اللہ کے آخری نبی حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کی، دراصل ایسے شخص ہی دہشت گرد ہیں جو انسانیت کے نام پر بدنما دھبہ ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب تحفظ ناموس رسالت کے ادنیٰ سے سپاہی ہیں، پوری امت مسلمہ اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اس دور میں پنجاب اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے تاریخی کام ہوئے ہیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کا مزید کہنا تھا کہ اس سارے نیک کام میں تمام ممبران پنجاب اسمبلی بھی شریک ہیں، ڈچ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس طرح کی گھناؤنی سازشیں بند کرے تاکہ مسلمانوں کی دل آزاری نہ ہو۔اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے شرکت کی جبکہ شفقت محمود، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، ہاشم جواں بخت، سبطین خان، سید عباس علی شاہ، حسین جہانیاں گردیزی، میاں محمود الرشید نے بھی شرکت کی۔