لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے خطاب میں کہا ہے کہ عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ختم کریں گے۔قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، ہائیکورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کو اختیارات دیے لیکن آج آئین وقانون کا مذاق اڑایا گیا اور ڈپٹی اسپیکرپرحملہ کیا گیا۔انہوں نے ساتھ دینے پر پی پی کے حسن مرتضیٰ، پی ٹی آئی کے عبد العلیم خان اور جہانگیرترین سمیت دیگر کا شکریہ ادا کیا۔حمزہ نے اعلان کیا کہ اتحادیوں کی مدد سے نے سپیکر لائیں گے اورڈپٹی سپیکر پر تشدد پر ایوان کی ان ہاؤس کمیٹی بنانے چاہیے اور آج جو ہوا اس کی بھرپور انکوائری ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اچھے پولیس افسران اور اچھے بیوروکریٹ لےکرآئیں گے، آج صرف قوم نے توشہ خانے کا حساب مانگا ہے، جب اپنی تلاشی کی باری آتی ہے توکہتےہیں سفارتی تعلقات خراب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا، ہماری حکومت عوامی حکومت ہوگی، عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ہم ختم کریں گے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ تاریخی اعلان کیا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب عمل میں لایاجائے،ووٹنگ کے روز ایوان کے دروازے معزز ممبران پر بند کردیئے جاتےہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس لے لئے جاتے ہیں۔نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جمہوری اور آئینی روایات کو پامال کیا گیا، اب مذاق ختم اور جمہوریت مضبوط ہوگی، جمہوریت کے دشمن چہرے اب بے نقاب ہونگے۔ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جناب چیئرمین آپ کی بہادری پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، آپ کو ہر طرح زچ کیا گیا، آپ کےاحکامات کو نہیں مانا گیا، عدالت نے آپ کوبلا کر اختیارات دیئے،اس کا مذاق کیا گیا۔حمزہ شہباز نے اعلان کیا کہ اب اسپیکرپنجاب اسمبلی منتخب کرائیں گے، آج اسمبلی میں جوبھی ہوااس کی انکوائری کرائیں گے اور جوبھی ملوث ہوگااس کیخلاف بھرپورکارروائی کی جائےگی، یہ سازش حمزہ شہباز کیخلاف نہیں جمہوریت اورآئین کیخلاف ہے۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور مار دھاڑ کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔
انتقام نہیں لیں گے ،عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ختم کریں گے،حمزہ شہباز







