اسلام آباد(ممتاز رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کے لئے جس خصوصی طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے،اس کے لئے دبئی میں مقیم ایک کاروباری شخصیت نے 29لاکھ روپے ادا کئے ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان ہفتہ کی شب جلسے سے خطاب کے لئے اینگرو کارپوریشن کے ذیلی ادارے اینگرو فرٹیلائزر کے طیارے AP-PLE میں کراچی پہنچے تھے ،اس حوالے سے اینگرو کارپوریشن کا کہنا ہے کہ طیارہ معمول کے مطابق ’’پرنسلی جیٹس‘‘ نامی کمپنی سے چارٹرڈ کرایا گیا تھا تاہم اس کے اخراجات کمپنی نے نہیں اٹھائے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اینگرو کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افیسر رہ چکے ہیں۔ ایک انگریزی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں مقیم ایک کاروباری شخصیت نے عمران خان کواسلام آباد سے کراچی لے جانے والے اس پرتعیش نجی طیارے کے لئے 29 لاکھ روپے ادا کئے۔یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہےکہ فرح خان، جو پاکستان میں پرائیویٹ طیاروں میں اکثر سفرکرتی ہیں، اسلام آباد سے پرواز کے بعد AP-PLE میں خرابی پیدا ہونے کے بعد عمران خان کے لیے ایک اور طیارہ مہیاکرنے میں شامل ہیں۔ عمران خان اکثر جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈی ڈبلیو گروپ کی ملکیت والے طیارے پر سفر کرتے تھے، تاہم جب سے عمران خان اور ترین کے درمیان تعلقات خراب ہوئے تب سے وہ جے ڈی ڈبلیو گروپ کے طیارے کو استعمال نہیں کر رہے۔یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد مالی مدد کے لیے ملک ریاض حسین سےبھی نجی طور پر رابطہ کیا ہے۔ عمران خان اپنی سیاسی جماعت کو فنڈ دینے کے لیے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے مالی امداد کی اپیل کر رہے ہیں۔
عمران خان کانجی طیارے میں کراچی کا سفر،دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت نے 29لاکھ روپے ادا کئے








