ماسکو(ممتازنیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے روس میں تعینات پاکستان کے سفیر شفقت خان سے ماسکو میں ملاقات کی ،ملاقات میں سفارتخانے کے عملے کے دیگر افراد بھی موجودتھے،ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئےڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہاکہ پاکستان اور روس کے مابین دوستانہ تعلقات موجود ہیں،پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور توانائی کے فروغ اور ویزا سمیت روس میں زیر تعلیم طلباء کو درپیش مسائل کو زیر غور لانا چاہتا ہے،ڈپٹی اسپیکر نے روس میں تعینات سفارتی عملے کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور روس کے مابین تعلقات خطے میں علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں،روس میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت خان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور روس کے مابین تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں،روس اور پاکستان خطے کے اہم ممالک تصور کیے جاتے ہیں،روس میں قائم پاکستانی سفارتخانہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، توانائی سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مصروف عمل ہے،روس میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء اور ویزا سے متعلق مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔










