اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سابق وزیراعلیٰ تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ،چودھری شجاعت حسین نے گزشتہ دنوں چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر جا کر اپنی ہمشیرہ اور پرویز الٰہی کی اہلیہ کے علاوہ دیگر رشتہ دار خواتین سے ملاقات کی جس میں چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ ان کے اختلافات کے خاتمے کے امور پر بھی بات چیت ہوئی ، یہ ملاقات فیملی کی خواتین کی خواہش پر ہوئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت چودھری شجاعت حسین ، پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر گئے سابق وزیراعلیٰ گھر پر موجود نہیں تھے کیونکہ اس دن پنجاب پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا اور رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ جو چودھری وجاہت حسین کی ق لیگ میں واپسی ناراض ہیں نے ابھی تک چودھری شجاعت حسین اور چودھری سرور سے کوئی ملاقات نہیں کی ،ان کا یہ شکوہ ہے کہ چودھری وجاہت حسین سے صلح سے پہلے چودھری شجاعت حسین یا ان کے بیٹوں نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا حالانکہ چودھری وجاہت حسین میرے بڑے قریبی دوست تھے اور جب پرویز الٰہی الگ ہوئے تو ایک ٹی وی شو میں نے چودھری شجاعت کا بھرپور دفاع اور چودھری وجاہت سے تلخ کلامی بھی ہوئی ،مجھے اس بات کا شکوہ ہے کہ مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق بشیر چیمہ آئندہ چند روز میں ق لیگ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرسکتے ہیں ۔
چودھری شجاعت کی پرویز الٰہی کی رہائش گاہ آمد،صلح کی کوششیں تیز، طارق بشیر چیمہ وجاہت کی واپسی پر ناخوش ،سیکرٹری کا عہدہ چھوڑنے کا امکان








