ملتان (مقبول حسین)ملتان سمیت پاکستان کے چار دیگر شہروں سے فلم کے شوقین افراد کو دوسرے یورپین فلم فیسٹول میں یورپین سنیماسے لطف اندوز ہونے کا منفرد موقع ملے گا، جو 2 جون، 2023 کو اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں شروع ہوا اور ۴ جون بروز اتوار ملتان کے یونیورسل سینما میں منعقد کیا جارہا ہے- فلم فیسٹول پاکستان کے پانچ شہروں اسلام آباد، ملتان، گلگت، پشاور اور کوئٹہ میں 2 جون سے 24جون 2023 کے درمیان جاری رہے گا۔یورپین فلم فیسٹول ایک ایسا جشن ہے جو فلم سازوں ، فنکاروں اور سینما کے شوقین افراد کو اکٹھا کرے گا۔ یہ فیسٹول پاکستانی ناظرین کو یورپین سنیما کی دنیا کو دریافت کرنے کا موقع اور ان کےکلچر اور سماجی مسائل کی جھلک دے گا، جو جدید یورپی معاشروں کی تشکیل کرتے ہیں۔ پاکستان میں یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا” یورپین یونین میں ہم فلم سازی کو ایک ایسا ذریعہ سمجھتے ہیں جو ایسے موضوعات کو سامنے لاتا ہے جنہوں نے ہمارے معاشرے کو گھیرا ہوا ہے۔سینما کرداروں کی فرضی دنیا اور ذہنوں میں جھانکنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ہم سے مختلف زندگی گزارتے ہیں۔یہ ہمیں مختلف نظرئے سے دنیا دکھاتا ہے اور ہمارے اندر دوسروں کے لئے احساس کا جذبہ پیدا کرتا ہے – فیسٹول میں ایسی منفرد اورفکر انگیز فلموں کامجموعہ ہے جن میں متعدد موضوعات جیسے کہ صنفی مساوات، نسلوں کے مابین تعلقات، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق پر فیچرز اورمختصر دورانیہ کی فلمیں شامل ہیں۔ متعدد فلمیں مشترکہ پروڈکشن ہیں جو مختلف یورپی ممالک کے پیشہ ور افراد اور تنظیموں کے اشتراک سے ممکن ہوئی ہیں۔ “فلموں کی سکریننگ کے بعد بحث مباحثہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستانی فلم ساز، فنکار، مصنفین اور ماہرین تعلیم مطابقت اور قصہ گوئی کے مختلف اسٹائل کے موضوعات پر بات چیت کریں گے۔ملتان میں ثانیہ سعید، فصیح باری خان، نمرا بچہ سجاد جہانیہ اور فاطمہ ستار تبصرہ کریں گے جس کا موضوع ہے “گھر والوں کے ساتھ کیا دیکھیں”، یعنی کہ بچوں اور فیملی کے لئے انٹرٹینمنٹ کی کمی کے حوالے سے باتچیت کی جائے گی – فیسٹول میں ابھرتے ہوئے پاکستانی فلم سازوں کے لئے ماسٹر کلاسز بھی منعقد کی جارہی ہیں جن کی ٹرینر ایوارڈ یافتہ فلم ساز کنول کھوسٹ ہونگی۔فیسٹول کا ایک اور دلچسپ فیچرانٹرایکٹو نمائش ہے جس میں ڈبنگ اور ویڈیو کمپوزٹنگ بوتھ کے علاوہ، سرمد کھوسٹ کا تیارکردہ ایک بوتھ بھی ہے جس کا عنوانن ہے “منڈوا”- اس میں پاکستانی سینما کے 75 سالوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ یورپین فلم فیسٹول ( ای یو ایف ایف )2023 میں عوام کا داخلہ فری ہے۔یہ فیسٹول اسلام آباد میں۲ جون کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹسمیں، ملتان میں 4جون کو یونیورسل سنیما، گلگت میں10جون کو قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ، پشاور میں 17جون کو نشتر ہال اور کوئٹہ میں 24جون کو نوری نصیر کلچرل کمپلیکس میں پیش کیا جائے گا۔ فیسٹول کو اولوموپولو میڈیا نے ترتیب اور منظم کیا ہے۔اولوموپولو پرفارمنگ آرٹس اور بصری میڈیا کے ذریعے ثقافتی اور تخلیقی اظہار کا ایک سرکردہ پلیٹ فارم ہے جو اجتماعی اخلاقی ترقی اور سماجی و ثقافتی نفاست کے لیے گنجائش پیدا کرنے کےلئے سماجی بیداری، حساسیت ، وکالت اور آگہی کو بطور ٹولز استعمال کرتا ہے۔
ملتان میں یورپین فلم فیسٹول 4 جون کوہوگا








