لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات کے بغیر ملک میں انصاف کا حصول ممکن نہیں۔ گورنر پنجاب سے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وکلا برادری کے وفد نے ملاقات کی جس میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد ملک میں انصاف کا نظام قائم کرنے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے ہے۔ گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی وکلا برادری اور تحریک انصاف نے عدلیہ کی آزادی کے لئے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات کے بغیر ملک میں انصاف کا حصول ممکن نہیں،کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ اداروں کو چلانے والے لوگ ان اداروں کی عزت اور وقار کے پاسدار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کے ورکر ز نے ججوں کی نوکریوں اور مراعات کے لئے سڑکوں پر جدوجہد نہیں کی تھی بلکہ عدلیہ کی آزادی اور بالادستی کے لئے جدوجہد کی۔ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو آگے لے جانا ہے تو ہمیں قانون و انصاف کی عمل داری کو یقینی بنانا ہوگا۔
عدالتی اصلاحات کے بغیر ملک میں انصاف کا حصول ممکن نہیں،گورنر پنجاب








