اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پہلی دفعہ الیکشن لڑنے کی سائنس سمجھ کر الیکشن لڑیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت میں آکر کیا کرنا ہے اب ہم سب جانتے ہیں اور پوری تیاری کرکے آئیں گے اس بار ہم نوجوانوں کو پوری طرح تیار کرکے الیکشن لڑیں گے۔بدھ کی رات کو ٹوئٹر سپیس پر مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 22 کروڑ افراد کی توہین ہے کہ باہر سے لاکر حکومت ان کے سر پر بٹھا دی جائے اگر ہم کہیں گے کہ بیگرز آر ناٹ چوزرز تو ہمیشہ چیونٹیوں کی طرح رینگتے رہیں گے۔ شہباز شریف اور ان کے بیٹوں پر 40 ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں۔ ایک سوال پر عمران خان نے اپنے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کبھی بھی فوج کے خلاف بات نہ کریں اس ملک کو عمران خان سے زیادہ فوج کی ضرورت ہے یہ فوج نہ ہوتی تو اس ملک کے تین ٹکڑے ہوچکے ہوتے۔عمران خان نے کہا کہ سیاسی جماعت کی کور نظریاتی ہوتی ہے جو ہمارے ساتھ چل رہے تھے وہ سمجھ رہے تھے کہ وہ اپنے کاروبار کو فائدہ پہنچائیں گے۔ پاکستان میں ایسا ہوتا ہے ہم نے روکنے کی کوشش کی تو ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہم قانون کی حکمرانی قائم کرنے کی کوشش کی اور ان لوگوں نے خود کو ظاہر کردیا۔انہوں نے کہاکہ اتحادی بلیک میل کرتے تھے،اتحادیوں کی وجہ سے قانون سازی میں مشکلات ہو تی تھیں، فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو ڈس کوالیفائی نہیں کیا جاسکتا،دوسری جماعتوں کی فنڈنگ نہیں ، اس طرح تو پورا پاکستان فنڈنگ پر چل رہا ہےانہوں نے کہا کہ حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے اب پتہ چل گیا ہے، ماضی میں ہونے والی غلطیاں اب نہیں کریں گے۔
ملک کو مجھ سے زیادہ فوج کی ضرورت، اس کے خلاف بات نہ کریں،عمران خان








