راولپنڈی(ممتاز نیوز)آل پاکستان پرائیویٹ سکولزمنیجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی تحصیل کے سیکرٹری جنرل عدنان نثار نے کہا ہےکہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین طلبا وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزاسلام آباد میں پاک ترک معارف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بریفنگ سیشن کے دوران کیا۔ اس مو قع پر پاک تر ک معارف فائونڈیشن کے ایجوکیشن کوآرڈینٹر بورا اوزلر نے ترکیہ کے بڑے تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلبا کےلئے سکالر شپس کے مواقع کے حوالے سے بریفنگ دی اور سکالرشپس کے حصول کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایپسما کے وفد میں آغا شہاب جنرل سیکرٹری ضلع راولپنڈی، کرنل فواد ایگزیکٹو ممبر،تحصیل صدر وسیم سیفی، کامران سیف، عادل شاہ ،میڈم سکینہ اورہیڈ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اینڈ گلوبل اینگیجمنٹ پاک ترک معارف فائونڈیشن شاکر حسین شاکر موجود تھے۔عدنان نثار نے اس موقع پاک ترک معارف فائونڈیشن کی طرف سے تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی بھائی چارے پر مبنی تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک مذہبی، معاشرتی،سماجی رشتوں میں بندھے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین طلبا وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی طلبہ کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ان اسکالر شپس سے نہ صرف ایک دوسرے کے تعلیمی نظام کو سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
پاکستان اور ترکیہ کے مابین طلبا وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا،عدنان نثار








