لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے وزیرخزانہ مفتا ح اسماعیل نے لندن میں ملاقات کی اور انہیں ملک کی معاشی صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا ،اس موقع پر سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔بعدازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ نوازشریف نے ملک کی موجودہ ابتر معاشی صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے، وہ پاکستان کی معاشی بدحال پر پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت کے لئے اہم مسئلہ معاشی حالت کو بہت بنانا ہے ، اس سال خسارے کا بجٹ ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کے تیسرا مہنگاترین ملک بن چکا ہے،اگر ہم سبسڈی ختم نہیں کریں گے تو دوبارہ قرض لینا پڑے گا اور سبسڈی ختم کرتے ہیں تو مزیدمہنگائی ہو جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ملک کو پٹڑی پر ڈال کر ہی الیکشن کرائیں گے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ عمران خان حکومت نےبیس ہزارارب روپے کا ریکارڈ قرض لیااور ایک روپیہ بھی واپس نہیں کیا۔واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل آج شام لندن سے واشنگٹن روانہ ہوں گے جہاں وہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کریں گے۔
وزیرخزانہ مفتا ح اسماعیل کی نوازشریف سے ملاقات،ملکی معاشی صورتحال سے آگا ہ کیا








