لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستانی لوک گلوکار اسد عباس گردوں کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں، اُنہوں نے حکومت اور فنکار برادری سے علاج کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔
پاکستان سنگیت آئیکون وِنر، لکس میوزک ایوارڈ یافتہ، میکال حسن بینڈ کے سابق گلوکار اور” کوک سٹوڈیو 6″ میں سُر بکھیرنے والے گلوکار اسد عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔گلوکار گھرانے سے تعلق رکھنے والے اسد عباس نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپنی بیماری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ “وہ گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور اُن کا ہفتے میں 4 بار ڈائیلاسز ہوتا ہے، اِنہیں علاج کے لیے کم از کم 5 کروڑ روپے کی ضرورت ہے،ان سے ڈائیلاسز برداشت نہیں ہوتا اور اِن کے پاس اتنی رقم بھی نہیں ہے کہ وہ اپنا علاج کروا سکیں۔”
گلوکار نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں حکومت، فنکار برادری، میڈیا اور شوبز سے وابستہ شخصیات سمیت عوام سے بھی اپیل کی کہ ان کی مالی مدد کی جائے۔اسد عباس کا بتانا ہے کہ “اُنہیں گردوں کی پیوندکاری کے لیے امریکا جانا پڑے گا اور اس کے لیے اِنہیں 5 کروڑ روپے کی رقم درکار ہے”، ان کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پیجز سمیت فنکار برادری کی بھی بڑی تعداد نے شیئر کیا ہے۔اداکار و پروڈیوسر عدنان صدیقی نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شوبز شخصیات اور حکومت سمیت عوام سے اپیل کی کہ وہ اسد عباس کی مالی مدد کریں تاکہ وہ اپنی زندگی بچا سکیں۔
اسی طرح عمران اشرف نے بھی اسد عباس کے بینک اکاؤنٹ کی معلومات شیئر کرتے ہوئے گلوکار کی مالی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب گلوکار علی ظفر نے بھی شوبز شخصیات اور فنکاروں کو اسد عباس کی مالی مدد کرنے کی اپیل کی اور ساتھ ہی گلوکار کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پروڈیوسر روحیل حیات اور اداکارہ سبینا فاروق نے بھی یہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔گلوکار ہ نے اسد عباس کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شوبز شخصیات اور فنکاروں سے مالی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔









