اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت میں پولیس کے ذریعے پختونوں کی نسل کشی کی جاتی ہے، تحریک انصاف کی شکل میں سندھ کے عوام کو بہترین متبادل میسر آچکا ہے،سندھ کا مستقبل لٹیروں سے نجات میں پوشیدہ ہے، عوام یکسو ہیں۔
بلاول زرداری کے خطاب پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مراد سعید نے ردعمل میں کہا کہ اہلِ سندھ نے پیپلزپارٹی کے مستقبل کے حوالے سے واضح فیصلہ صادر کردیا ہے، فرزندِ زرداری کی جماعت کیخلاف سندھ حقوق مارچ کی شکل میں سندھ کے عوام سڑکوں پر ہیں۔مراد سعید نے کہا کہ پیپلز پارٹی لوٹ مار کے تسلسل کیلئے این ایف سی کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے، این ایف سی کے ذریعے سندھ کو ملنے والے وسائل چھابڑی والے اور پاپڑ والوں کے کھاتوں سے برآمد ہوتے ہیں، سندھ کو زیادہ مال ملے تو عوام پر خرچ کرنے کی بجائے برسرِاقتدار قزاق چوری بڑھا دیتے ہیں، جب تک سندھ پر زرداری قابض رہیں گے عوام محروم، لٹیرے شاد و آباد رہیں گے۔مراد سعید نے کہا کہ وفاق، اٹھارویں ترمیم، میڈیا کی آزادی اور شفافیت کے نعرے سب ڈھکوسلے ہیں جن کی حقیقت عوام پر آشکار ہے، سندھ میں صحافیوں پر عرص حیات تنگ، زرداریوں کی کرپشن پر سوال کرنے پر موت کی نیند سلایا جاتا ہے، پیپلزپارٹی کی جمہوریت میں پولیس کے ذریعے پختونوں کی نسل کشی کی جاتی ہے، تحریک انصاف کی شکل میں سندھ کے عوام کو بہترین متبادل میسر آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کا مستقبل لٹیروں سے نجات میں پوشیدہ ہے، عوام یکسو ہیں۔