دبئی :متحدہ عرب امارات (UAE) میں مقیم کیرالا سے تعلق رکھنے والی ایک معروف کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نیشاد (Haseena Nishad) نے اپنی تمام خواتین ملازمین کو سرپرائز دیتے ہوئے برانڈ نیوآئی فون ڈیو (iPhone Duo) تحفے میں دے کر سوشل میڈیا پر کروڑوں دل جیت لیے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی اس سنسنی خیز ویڈیو کو اب تک 20 لاکھ (2 ملین) سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور یہ تعداد منٹوں میں بڑھ رہی ہے۔
حسینہ نیشاد نے اس سرپرائز کو اتنی راز داری سے ترتیب دیا تھا کہ کسی بھی ملازم کو دفتری میٹنگ کے اصلی مقصد کی کانوں کان خبر نہ ہوئی۔ تمام خواتین ملازمین کو روٹین میٹنگ کا کہہ کر کانفرنس روم میں بلایا گیا۔
جیسے ہی ملازمین نے بیٹھنے کے لیے اپنی کرسیاں پیچھے کیں، تو میزوں کے نیچے چھپائے گئے چمکتے ہوئے گفٹ باکسز دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ جیسے ہی انہوں نے بکس کھولے اور اندر 3 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا برانڈ نیو آئی فون دیکھا، تو پورا کانفرنس روم خوشی کی چیخوں، نعروں اور جذباتی مناظر سے گونج اٹھا۔
اس پوری ویڈیو میں سب سے زیادہ دل کو چھو لینے والا منظر وہ تھا جب دفتر میں صفائی ستھرائی پر مامور ہاؤس کیپنگ کی ایک خاتون ملازم، جو اس وقت حسینہ نیشاد کو شربت پیش کرنے آئی تھی، کو بھی خصوصی طور پر بلا کر یہ قیمتی آئی فون ڈیو تحفے میں دیا گیا۔
خاتون ملازم اپنے لیے اس قدر گراں قدر اور غیر متوقع تحفہ دیکھ کر بے حد جذباتی ہو گئیں اور اپنے آنسو نہ روک سکیں۔ انہوں نے حسینہ نیشاد کو گلے سے لگا لیا اور رو پڑیں۔ کمپنی کی جانب سے نچلے درجے کی ملازمہ کو بھی اعلیٰ افسران کے برابر کا احترام اور تحفہ دینے کے اس عمل نے صارفین کی آنکھیں نم کر دیں۔
انسٹاگرام پر ویڈیو کیپشن میں حسینہ نیشاد نے اپنے اس اقدام کی وجہ بیان کرتے ہوئے ایک انتہائی پرمغز اور متاثر کن پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے لکھا:
میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ ہر عورت کے اپنے خواب، اپنی خاندانی ذمہ داریاں اور الگ چیلنجز ہوتے ہیں۔ میری دلی خواہش ہے کہ آپ میں سے ہر ایک اپنے قدموں پر مضبوطی سے کھڑی ہو، زیادہ بااعتماد بنے اور اپنے ہر خواب کو پورا کرے۔ میرے لیے کسی دوسری عورت کو ترقی کرتے اور چمکتے ہوئے دیکھنے سے بڑی کوئی فخر کی بات نہیں۔ جب ایک عورت آگے بڑھتی ہے اور کامیاب ہوتی ہے، تو وہ دوسری بہت سی خواتین کو بھی آگے بڑھنے اور ہمت کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس کمپنی نے اپنے ملازمین کی دل جوئی کے لیے اتنا بڑا اقدام کیا ہو۔ اس سے قبل ستمبر میں حسینہ نیشاد کے شوہر اور کمپنی کے چیئرمین نیشاد حسین کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے مرد و خواتین ملازمین میں کھلے دل سے آئی فونز کے بکس تقسیم کر رہے تھے۔کارپوریٹ دنیا میں اس طرز کے دوستانہ اور مساوی رویے کو انتہائی نایاب قرار دیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے تعریفوں کے تانتے بندھ گئے۔ جہاں اکثر صارفین نے حسینہ نیشاد کی فیاضی اور ہاؤس کیپنگ اسٹاف کو یکساں حیثیت دینے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، وہیں متعدد صارفین نے مزاحیہ انداز میں اپنے باسز پر طنز کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ میرے باس نے یہ ویڈیو دیکھ کر کہا کہ یہ اے آئی (AI) سے بنائی گئی فرضی ویڈیو ہے جبکہ ایک اور صارف نے پوچھا کہ کیا اس کمپنی میں کوئی نئی سیٹ یا ویکینسی (Vacancy) خالی ہے؟ بہرحال، اس خبر نے ڈیجیٹل میڈیا پر ایک نیا ٹرینڈ قائم کر دیا ہے۔








