بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معاشی بحالی کیلئے براہ راست پروازوں کی شروعات کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے،احسن بختاوری

پاکستان کو ریل،روڈ اور ڈائریکٹ ایئر لنک کے ذریعے ریجن سے جوڑنے کی ضرورت ہے،صدر آئی سی سی آئی


اسلام آباد(ممتازنیوز)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی دوڑ میں دنیا سے بہت پیچھے رہ گیا ہے جس کی بڑی وجہ ریجنل اور انٹر نیشنل سطح پر کنکٹیویٹی کی کمی ہے۔ پاکستان کو ریل،روڈ اور ڈائریکٹ ایئر لنک کے ذریعے ریجن سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔پی آئی اے پاکستان کو دنیا سے جوڑنے میں ناکام ہو گئی ہے حکومت مزید پیسہ اور سرمایہ ضائع کیے بغیر فاسٹ ٹریک نجکاری پروگرام کا اعلان کرے۔مختلف ریجنل اور انٹر نیشنل بلاکس میں موثر موجودگی کے باوجود پاکستان اب تک تجارتی سطح پر ابھی تک فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ڈائریکٹ فلائٹس کی شروعات کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے۔ بدھ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا جس تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے ترقی کی اس دوڑ میں پاکستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔آج کی دنیا میں کوئی ملک اکیلا ترقی نہیں کر سکتا بلکہ اب بلاکس اور ریجنز کے ذریعے مفادات کا تحفظ کیا جا سکتا ہے اور یہی معاشی ترقی کا بڑا ذریعہ ہیں۔یورپی یونین اور آسیان جیسے ریجن اس حوالے سے بڑی مثالیں ہیں۔ان ریجنز نے ریل،ڈائریکٹ ایئر لنک اور روڈ کے ذریعے کنکٹیوٹی کو بہتر بنا کر معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک،ڈی ایٹ،ای سی او،ایس سی او،او آئی سی سمیت متعدد ریجنل اور عالمی گروپس کا اہم رکن ہے۔ ان تمام ممالک سے پاکستان کا ریلوے،روڈ اور ڈائریکٹ ایئر لنک نہ ہونے کی وجہ سے سیاسی فعالیت کے باوجود پاکستان تجارتی سطح پر ان گروپس سے اب تک کوئی قابل ذکر فائدہ نہیں اٹھا سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قرضوں سے جکڑی ہوئی معیشت کو آگے بڑھانے کیلئے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ براہ راست پروازوں کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھانا چاہیے۔حال ہی میں ایتھوپیا نے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے،اسی طرح 8جولائی سے وسط ایشیاء کا اہم ملک قازقستان بھی براہ راست پروازیں شروع کر رہا ہے۔یہ پاکستان کی ریجنل کنکٹیوٹی کیلئے اہم خبر ہے۔انہوں نے تجویز دی ہے کہ وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مل کر براہ راست پروازوں کے حوالے سے انٹر نیشنل کانفرنس کا انعقاد کریں جس میں دنیا کی تمام بڑی سرکاری اور نجی ایئر لائنز کو مدعو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،حکومت انہیں سہولیات فراہم کرے اور اس سلسلے میں فاسٹ ٹریک پروسس کا اجراء کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف ممالک کی قومی ایئر لائنز کنکٹیوٹی کا اہم ترین ذریعہ ہیں مگر پی آئی اے نے پاکستان کو دنیا سے تنہا کر دیا ہے۔پی آئی اے پر مزید وقت اور سرمایہ ضائع کیے بغیر اس کی فوری نجکاری کی جائے اور اس کا انتظام کسی پاکستانی بزنس مین کے حوالے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ریلوے کا نظام انتہائی بوسیدہ ہو چکا ہے۔ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کر کے ہمسایہ ممالک تک بڑھایا جائے۔جس میں پہلی ترجیح افغانستان،وسط ایشیاء ایران،ترکی اور چین ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے ہر دور میں موٹرے نیٹ ورک پر خصوصی توجہ دی ہے مگر اب اس پروجیکٹ کو غیر ملکی تجارت کے فروغ کیلئے استعمال کرتے ہوئے اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے، جس کیلئے ان کا دائرہ پڑوسی ممالک ایران،افغانستان، وسط ایشیاء اور ترکی تک لے جانے کی ضرورت ہے۔چین سے سی پیک کے ذریعے پہلے ہی پاکستان کا مضبوط رابطہ قائم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شنگھائی کوآپریشن آرگنائزین کے اعلامیہ میں بھی ریجنل کنکٹیوٹی کو بہتر بنانے کی بات کی گئی ہے جو خوش آئند ہے۔پاکستان کواعلامیہ کے اس نکتے پر عمل درآمد کیلئے متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔