کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نفرت کی سیاست کے بجائے اب انتخابات کا انتظار کریں، عمران خان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں بھی جھوٹ بولتے رہے اور اب بھی جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ملک کی سنجیدہ سیاسی جماعتوں نے آئینی طریقے سے اقتدار سے باہر کیا، عمران خان اقتدار سے باہر ہو کر حواس کھو بیٹھے ہیں، عمران خان ملک کے آئینی اداروں پر حملہ آور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تابع نا کرسکے تو آج الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کردیے، ملک کی جمہوری حکومت اور سیاسی جماعتیں آئینی اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آئینی اداروں پر حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی عوام ان کے خلاف ہوئی ہے، عمران خان نفرت کی سیاست کے بجائےاب الیکشن کا انتظار کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنا موازنہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو سے ہرگز نہ کریں، ذوالفقارعلی بھٹو اور پیپلز پارٹی نے اس ملک کے لیے جانوں کے نذرانے دیے ہیں، پیپلز پارٹی آئندہ بھی پاکستان، آئین اور جمہوریت کی خاطر اہم کردار ادا کرے گی۔
نفرت کی سیاست کے بجائے انتخابات کا انتظار کریں، شرجیل میمن کاعمران خان کو مشورہ








