اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزارت داخلہ نے شہباز شریف، برطرف وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور ضمانت پر رہا مریم صفدر سمیت 100 سے زائد افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیئے ہیں۔ای سی ایل میں شامل 100 سے زائد پاکستانی شخصیات اب لندن، دبئی سمیت دنیا کے کسی بھی حصے کا سفر با آسانی کرسکیں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف، آصف علی زرداری سمیت 100 افراد کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی ہے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، سعد رفيق، خواجہ آصف، شاہد خاقان اور فريال تالپور کے نام بھی ای سی ایل سے خارج کردیئے گئے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت چار ماہ بعد ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام ازخود خارج ہو جائیں گے، تاہم عدالتوں اور حساس اداروں کی سفارش پر شامل کیے گئے نام فہرست میں شامل رہیں گے۔گزشتہ روز 23 اپریل کو حکومت نے نئی ای سی ایل پالیسی کا اعلان کیا، جس پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ میں مزید ناموں کی چھانٹی بھی جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے افراد کے ناموں سمیت 3000 کے قریب نام ای سی ایل سے نکالے جانے ہیں۔واضح رہے کہ اہم افراد کے نام نیب اور ایف آئی اے کی سفارش پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے گئے تھے۔








