غیر ملکی سفراء کی سمٹ میںشرکت غیر معمولی ،کامیابی ڈپلومیٹک کمیونٹی کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی،احسن بختاوری
سیاحتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر کے اقدامات قابل ستائش ہیں،نیپالی سفیر
اسلام آباد:پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش اور نیپال کے سفیروں نے آئی سی سی آئی انٹر نیشنل ٹورزم سمٹ 2023کو سیاحت کے فروغ کیلئے انتہائی کامیاب کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ،بنگلہ دیش اور نیپال سمیت پورے سائوتھ ایشین ریجن میں سیاحت کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات نہ صرف اپنی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں بلکہ کاروبارکے وسیع مواقع کے ساتھ ان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو جاتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی انٹر نیشنل سمٹ کے موقع پر کیا۔پاکستا ن میں تعینات بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نے کہا ہے کہ میں صدر اسلام آباد چیمبر اور ان کی پوری ٹیم کو ”پہلی آئی سی سی آئی ٹورازم سمٹ سکردو 2023” کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اسلام آباد چیمبر کے شمالی علاقہ جات کے قدرتی حسن کو دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدام نے نہ صرف پاکستان کی سیاحت کی صنعت پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں بلکہ اس سے اسلام آباد چیمبر اور ہائی کمیشن کے درمیان تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشیاء ریجن میں سیاحت کا بہت بڑا پوٹینشل موجود ہے۔پاکستان ،بنگلہ دیش سمیت دیگر تمام پڑوسی ممالک کو دنیا کے دیگر خطوں کے سیاحوں کو اس طرف راغب کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ سمٹ کے حوالے سے پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر تاپس ادھیکاری نے کہا کہ پاکستان کا سیاحتی ورثہ بہت زیادہ ہے جس سے زبردست معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، روزگار کے فروغ اور آمدنی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقامات کو معاشی سرگرمیوں کیلئے وسعت دینے اورسیاحت کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ پہلی ICCI ٹورازم سمٹ سکردو 2023 گلگت بلتستان کے خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سنگ میل تھا ۔میں نے دیگر سفارتی برادری کے ساتھ سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور خطے کی مہمان نوازی، قدرتی حسن، ثقافت، تاریخ، خوراک اور زرعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔ اس حوالے سے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے کہا کہ میں آئی سی سی آئی انٹر نیشنل ٹورزم سمٹ میں شرکت پر غیر ملکی سفراء کا بے حد مشکور ہوں۔ان کی شرکت کے بغیر سمٹ کا کامیاب انعقاد ممکن ہی نہیں تھا۔مجھے خوشی ہے ہم پاکستان کا یہ بہترین خطہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔سمٹ میں شرکت کرنے والے ترکیہ،ملائشیا،بنگلہ دیش،شام،صومالیہ، کینیا،نیپال،ایران سمیت دیگر ممالک کے سفارتی عملے نے شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی اور کاروبار کے مواقع کا جائزہ لیا۔مجھے امید ہے اسلام آباد چیمبر کی اس مربوط کوشش کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقام کے طور پر اسکردو کی کامیابی نہ صرف حکومتی پالیسیوں اور انفراسٹرکچر پر منحصر ہے بلکہ اس کیلئے ہم سب کی اجتماعی کوششوں کی بھی ضرورت ہے۔ سفیروں، سرکاری اہلکاروں اور سول سوسائٹی کے اراکین کے طور پر، ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم سکردو کو پائیدار سیاحت کے لیے ایک ماڈل کے طور پر فروغ دیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاحت صرف ایک صنعت نہیں ہے جو اقتصادی ترقی کو فروغ دیتی ہے، بلکہ ایک ایسا پل ہے جو مختلف ثقافتوں کو جوڑتا ہے ۔
آئی سی سی آئی ٹورزم سمٹ سیاحت اور کاروبارپر مثبت اثرات مرتب کرے گی،بنگلہ دیشی ہائی کمشنر








