بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان کردیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی اور اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کوٹ لکھپت جیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اس تناظر میں وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ مزید برآں وزیراعظم نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ قیدی اپنی سزا کا دورانیہ مثبت انداز میں پورا کر سکیں اور اپنے آپ کو سزا کے بعد معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار کرسکیں۔