پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت غلامی قبول نہیں کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ سازش تیار کر کے مداخلت کی گئی، مریم صفدر نے کہا تھا کہ خط ہے ہی نہیں، وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں کہ شاہ محمود قریشی نے یہ خط خود تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کا ذکر خط میں بار بار ہے، رانا ثنا اللہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اس میں عدم اعتماد کا ذکر نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ جو کہتے تھے خط جعلی ہے آج ان کو معافی مانگنی چاہیے۔فرخ حبیب نے کہا کہ مراسلے پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے، جب تک تحقیقاتی کمیشن نہیں بنتا یہ جھوٹ بولتے رہیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے اپنا نام خود ہی ای سی ایل سے نکال لیا، انہوں نے اپنے آپ کو این آر او ٹو دے دیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کابینہ کے جتنے ملزم ہیں وہ سب ای سی ایل سے نکل چکے، احسن اقبال کہتے ہیں امریکا سے اجازت لینی پڑے گی۔پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں ہر کام کی اجازت اب امریکا سے ہی لینی پڑے گی۔









