بھارتی معروف اداکار سلمان خان نے اپنی ماضی کی مقبول ترین فلم ’تیرے نام‘ کے کردار ’رادھے موہن‘ کو نبھانے کا اہم فیصلہ لیتے ہوئے فلم سائن کرنے کا دلچسپ واقعہ بتادیا۔
بالی وڈ میں ’پریم‘ کے نام سے پہچانے جانے والے اداکار سلمان خان نے 2003 میں ریلیز ہونے والی اپنی مقبول ترین فلم ’تیرے نام‘ میں ’رادھے موہن‘ نامی ایک بگڑے ہوئے نوجوان کا کردار نبھایا تھا، جو ایک کالج کی طالبہ ’نرجرا (بھومیکا چاولہ) ‘ کی محبت میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

اس فلم کی منفرد کہانی کے علاوہ فلم میں سلمان خان کے اپنائے گئے انوکھے لُکس نے بھی فلم کی ریلیز سے قبل ہی عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی تھی۔
آدھی فلم میں سلمان خان کے بیچ کی مانگ پر لمبے بال تھے تو بقیہ فلم میں اداکار کو مکمل طور پر گنجا کردیا گیا تھا۔

عام طور پر اداکار اپنے ہئیر اسٹائل کے حوالے سے بے حد حساس ہوتے ہیں اور گنجے ہونے کا خیال بھی اپنے آس پاس نہیں آنے دیتے، تاہم سلمان خان نے یہ بڑا اقدام 2003 میں لیا اور اب انہوں نے اپنا سر منڈوانے کا فیصلہ لینے کی اہم وجہ بھی بتادی۔
انہوں نے ایک بھارتی ٹیلی ویژن شو میں بتایا کہ ’تیرے نام کے ہدایتکار نے انہیں فلم کی پیشکش کی اور کہا تھا کہ ان کو اس کردار کیلئے گنجا ہونا پڑے گا لیکن سلمان ایسا کرنے کیلئے ہرگز تیار نہیں تھے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ ان دنوں ایک اور فلم کر رہے تھے اورایک روز ان کو تیز بخار تھا اور فلم کے ہدایتکار اس بات پر باضد تھے کہ میں شوٹ پر آؤں، تاہم میں ہدایتکار سے تنگ آگیا اور میں نے باتھروم میں جاکر ٹریمر اٹھایا اور اپنے سر کے سارے بال اُتار کر، خود کو گنجا کرلیا۔‘
اداکار نے مزید بتایا کہ ’میرے فلم ’’تیرے نام‘‘ کرنے سے کوئی بھی خوش نہیں تھا اور ہر کوئی مجھے اس فلم کو نہ کرنے کا ہی مشورہ دے رہا تھا، لیکن اُن دنوں میں جس فلم کو کررہا تھا اس کے ہدایتکار نے مجھے یہ فیصلہ لینے پر مجبور کردیا‘۔
واضح رہے کہ فلم ’تیرے نام‘ 15 اگست 2003 کو ریلیز ہوئے تھی اور اس فلم نے ریکارڈ بزنس کرنے کے ساتھ ساتھ بالی وڈ کے متوالوں خاص طور پر پاکستان اور بھارت میں لڑکوں کے ہئیر اسٹائل کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا تھا، تمام لڑکے سلمان خان کی طرح بیچ کی مانگ پر لمبے بال کو بطور ہئیر اسٹائل اپنا کر بے حد خوش تھے۔








