بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان تحریک انصاف کے 26ویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر کا خصوصی پیغام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے 26ویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ تاسیس کے پرمُسرت موقع پر تحریک کے ہر کارکن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہمارا 26 سالہ سیاسی سفر نشیب و فراز کی بے مثال داستان ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں جدوجہد کے ان 26 برسوں کے ملکی سیاست پر نہایت واضح اور گہرے اثرات ہیں،بانی چیئرمین عمران خان کے قیادت میں تحریک انصاف کی صورت میں قوم کو فرسودہ دو جماعتی نظام سے چھٹکارا میسر آیا ہے۔پی ٹی آئی نے قوم کو بانیانِ پاکستان کے سیاسی ورثے سے واپس جوڑا ہے۔ابتلاء و آزمائش کے اس طویل 26 سالہ سفر میں تحریک انصاف نے سیاست پر سے اشرافیہ کی اجارہ داری ختم کرتے ہوئے جمہور کو مرکزِ نگاہ بنایا ہے،حکومت سازی ہمارے اس سیاسی سفر کا غیرمعمولی تجربہ ہے،غیرمعمولی چیلنجز کے باوجود تحریک انصاف کے دور میں ریاست کے سینے میں نچلے طبقے کیلئے ”رحم و احساس“ کو خصوصی طور پر زندہ کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ بانی چیئرمین کی قیادت میں انصاف، انسانیت اور خودداری کی یہ تحریک پاکستان کی خودمختاری کی محافظ بنے میدانِ عمل میں سرگرم ہے۔پوری قوم اپنی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے بانئ تحریک انصاف عمران خان کی ہم آواز ہے۔یومِ تاسیس کے موقع پر پاکستان کو قائد و اقبال کے تصورات کی روشنی میں مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اسد عمرنے مزید کہا کہ اس 26 سالہ سفر کے دوران بارگاہِ الہیٰ میں حاضر ہوجائے والے ساتھیوں کی بلندئ درجات کیلئے دعاگو ہیں۔