خواتین انٹرپرینیورز کو آسان قرضے فراہم کرنے کیلئے نئی سکیم متعارف کرائی جائے۔ رضوانہ آصف
آئی سی سی آئی اور اسلام آباد ویمن چیمبر کا خواتین کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا کا عزم
اسلام آباد (ممتازنیوز ) خواتین پاکستان کی کل آبادی کا نصف ہیں جو بے شمار صلاحیتوں سے مالا مال ہیں تاہم بہتر مواقع نہ ملنے کی وجہ سے خواتین اس وقت ملک کی معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں لہذا حکومت کو چاہیے کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے مزیدسازگار پالیسیاں تشکیل دے جس سے پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رضوانہ آصف کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
احسن بختاوری نے کہا کہ خوشحال ممالک نے خواتین کی ترقی پر خصوصی توجہ دے کر تیز رفتار معاشی ترقی حاصل کی ہے لیکن پاکستان میں ابھی تک خواتین کو معاشی ترقی میں حصہ لینے کے بہتر مواقع میسر نہیں ہیں حالانکہ ہماری خواتین صلاحیتوں کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ہیں اور وہ کاروبار سمیت زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خواتین انٹرپرینیورز کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور ان کو کاروبار کرنے میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرے تا کہ مزید خواتین اپنا کاروبار شروع کر نے میں ترغیب محسوس کریں جس سے نہ صرف معاشرے سے غربت و افلاس کم ہو گی اور خاندان خوشحال ہوں گے بلکہ معیشت بھی مشکلات سے نکل کر جلد بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس خواتین انٹرپرینیورز کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر محترمہ رضوانہ آصف نے کہا کہ کاروبار کیلئے قرضہ حاصل کرنا خواتین کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے جس وجہ سے بہت سی خواتین اپنا کاروبار شروع کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود بڑھا کر 22فیصد کر دیا ہے جس وجہ سے خواتین کیلئے بینکوں سے قرضہ حاصل کرنا تقریبا ناممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کاروبار کرنے کی خواہشمند خواتین کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کیلئے نئی اسکیم متعارف کرائے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور خوشحالی بڑھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کر دیا ہے جس سے کاروباری خواتین کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔ لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی و گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کرے اور شرح سود کو کم کر کے سنگل ڈیجٹ تک لائے جس سے کاروبار کی لاگت میں نمایاں کمی ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہونے سے معیشت مضبوط ہو گی۔
اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر ڈاکٹر سونیہ سلیم، ایگزیکٹو ممبرز ڈاکٹر جوہریہ اظہر، صدف عباسی اور دیگر وفد میں شامل تھیں۔









