بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین کا عالمی دستکاری تجارت میں چالیس فیصد حصہ ہے۔ احسن بختاوری

چیمبر کے ساتھ مل کر ہنڈی کرافٹس کی نمائش منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ محترمہ مریم اقبال


اسلام آباد (ممتازنیوز ) ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ مریم اقبال نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اس شعبے کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد میں ایک ہینڈی کرافٹس مصنوعات کی ایک نمائش منعقد کرنے کے امور پر چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ایکسپو میں غیر ملکی سفارت کاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی مدعو کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں اداروں نے دستکاری کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان میں دستکاری مصنوعات کی ایک وسیع رینج تیار ہوتی ہے لہذا اس شعبے پر بہتر توجہ دے کر برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہینڈی کرافٹس کی نمائشیں منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس شعبے کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دستکاری کی صنعت معیشت کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ یہ صنعت خواتین کو روزگار فراہم کرتی ہے، غربت و افلاس میں کمی کرتی ہے اور کم سے کم سرمایہ کاری سے قیمتی زرمبادلہ کماتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی بہتر شمولیت کے بغیر پائیدار معاشی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی جبکہ دستکاری وہ واحد صنعت ہے جو خواتین کو پیداواری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کے تجربے سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے کیونکہ چین دنیا کا سب سے بڑا دستکاری مصنوعات تیار کرنے والا ملک ہے جس کا اس شعبے میں عالمی تجارت میں چالیس فیصد سے زائد حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستکاری کی صنعت کو فروغ دینے اور پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان اور چین کی اس شعبے کی کاروباری خواتین کے درمیان کاروباری شراکتوں کی بہتر حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر دستکاری مصنوعات کی تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے کیلئے ان کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔

ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ مریم اقبال نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دستکاری کے کاروبار کے بہتر فروغ سے غربت و بے روزگاری کم ہو گی اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی بڑھتی ہوئی کاروبای لاگت، فنانس تک آسان رسائی کا فقدان اور مارکیٹنگ کا ناقص نیٹ ورک وہ بڑی رکاوٹیں ہیں جو اس صنعت کو بہتر ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس دستکاری شعبے کے لیے کاروبار کی لاگت کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے، دستکاری مصنوعات کی مناسب مارکیٹنگ میں تعاون کرے، اس شعبے کے لیے ایکسپو سینٹرز قائم کرے اور دستکاری مصنوعات کی نمائشوں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ اس شعبے کو اس کی اصل صلاحیت کے مطابق فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے دستکاری کے شعبے کی بہتری کے لیے اپنی ایسوسی ایشن کے منصوبوں اور سرگرمیوں کے بارے میں بھی چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا۔چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر امیر حمزہ، خالد چوہدری، کاشف ظہیر، ملک محسن خالد، ذوالقرنین عباسی اور دیگر بھی اس موقع موجود تھے۔