اسلام آباد (ممتازنیوز) وزیرمملکت اور چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ٹیکسلا کے قدیمی کھنڈرات کا دورہ کیا، فلپائنی سفارتکار، یونیورسٹی اسٹوڈنٹس اور میڈیا نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورہ وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کے تحت ہر ہفتے گندھارا تہذیب کی باقیات کا کھوج لگانے کی ایک کڑی تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمارنے کہاکہ ٹیکسلا روڈ پر واقع جولیان اور موہرہ مرادو اسٹوپا گندھارا تہذیب کی اہم نشانیاں ہیں،آج خطے کے عظیم فلسفی کوٹلیا چانکیہ کے تعلیمی مرکز میں موجودگی باعث فخر ہے، انہوں نے کہاکہ چانکیہ نے ٹیکسیلا کی سرزمین پر ارتھ شاستر اور چانکیہ نیتی کتابیں تحریر کیں۔ ڈاکٹر رمیش کمارنے کہاکہ موہرہ مرادو اور جولیان کا تحفظ بہترین انداز میں کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں واقع موہرہ مرادو اور خیبرپختونخوا کے جولیان کھنڈرات کو باہمی منسلک کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ گندھارا کے قدیمی ورثے کا تحفظ سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر رمیش نے سیاحوں کی سہولت کیلئے چیئرلفٹ متعارف کرانے کی تجویزید ۔گندھارا کے ہفتہ وار دوروں کا مقصد گندھارا تہذیب کی باقیات، کھنڈرات اور مقدس مقامات کا جائزہ لینا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر گندھارا سیاحت کے فروغ کیلئے عنقریب سرپرائز کا اعلان کروں گا۔










