بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کولمبو ٹیسٹ کا چوتھا روز : پاکستان نے 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی، 410 رنز کی برتری

کولمبو  : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم  نے576 رنز پراننگ ڈیکلئیر کردی۔

دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز  قومی ٹیم نے 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی ،  پاکستان ٹیم کو میزبان ٹیم پر 410 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 576 رنز بنالیے، سلمان علی آغا 132 جبکہ  محمد رضوان 50 رنز  بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے ۔

تیسرے روز کا کھیل

ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 563 رنز بنالیے تھے اور اسے سری لنکا کےخلاف پہلی اننگز میں 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

کھیل کے تیسرے روز  عبداللہ شفیق کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی تھی ،قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق 201 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق نے 322 گیندوں پر 200 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 19 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔

سعود شکیل 57 ، شان مسعود 51 اور بابراعظم 39 رنز بناکر نمایاں رہے، سرفرازاحمد 14 اور امام الحق نے 6 رنز بنائے۔ سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو 3 اور پرابتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 166 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔

دوسرے دن کا کھیل

بارش سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 178رنزبنالیے تھے جس کے بعد پاکستان کو سری لنکا کےخلاف پہلی اننگزمیں 12 رنزکی برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث 10اوورز تک محدود رہا جس دوران عبداللہ شفیق 87 اور بابراعظم 28 رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی پہلی اننگز

سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری لنکن ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی اور دو کھلاڑیوں کو شان مسعود نے رن آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو عبد اللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

شان مسعود 51 رنز جب کہ امام الحق 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سری لنکا کی جانب سے دونوں وکٹیں اسیتھا فرنینڈو نے حاصل کیں۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں پہلے روز 28 اوور بیٹنگ کی جس میں سے ایک بھی اوور میڈن نہیں گیا اور پاکستانی ٹیم نے 5 سے زائد رنز کی اوور کی اوسط سے 145 رنز اسکور کیے جس میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔