بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مریم کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا چوتھا بنچ تشکیل

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نے نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پرسماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دے دیا۔جسٹس علی باقرنجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بنچ کل درخواست پر سماعت کرےگا۔واضح رہےکہ مریم نواز نے عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپسی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کررکھی ہے جس پر عدالت نے گزشتہ روز سماعت بھی کی اور ای سی ایل رولز طلب کیے۔ آج لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد لیگی رہنما کی درخواست نئے بینچ کے روبرو لگانے کے لیے چیف جسٹس کو بھجوائی گئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے جسٹس اسجد جاوید گھرال کو بینچ میں شامل کیا اور ان کے ساتھ جسٹس باقر نجفی بنچ کا حصہ تھے تاہم درخواست پر سماعت جب شروع ہوئی تو جسٹس باقر نجفی نے بتایا کہ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد یہ بنچ بھی تحلیل کیا جاتا ہے۔جسٹس اسجد کی جانب سے معذرت کے بعد ایک بار پھر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کا معاملہ چیف جسٹس کے پاس بھیج دیا گیا جس کے بعد چیف جسٹس نےنیا بنچ تشکیل دیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ایک بنچ درخواست پر سماعت سے معذرت کرچکا ہے اور اب تک مجموعی طور پر تین جج مریم نواز کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرچکے ہیں۔