پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے پاکستانی اسکرپٹ رائیٹر، ہدایتکار و شاعر خلیل الرحمٰن کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤنگی‘ کے حوالے سے بڑا انکشاف کردیا۔
ایمان علی ان دنوں اپنے بیانات کے سبب سوشل میڈیا پر چرچے میں رہتی ہیں، وہ کسی بھی فنکار پر تنقید کرنے سے ہرگز نہیں ڈرتیں اور دلیری سے اپنے دل کی بات کہہ دیتی ہیں۔
حال ہی میں ایمان علی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’خلیل الرحمٰن کی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤنگی‘‘ کا کردار ’’عمل‘‘ پہلے ان کو آفر ہوا تھا لیکن کردار میں کچھ کمی کے سبب انہوں نے فلم کرنے سے انکار کردیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ وہ اس فلم کیلئے حامی بھر چکی تھیں، لیکن کہانی نویس خلیل الرحمٰن نے ’عمل‘ کے کردار کو ایک مرکزی کردار جیسا نہیں لکھا تھا، کراچی کی لڑکی جو لندن میں پلی بڑی ہو اس کا انداز الگ ہوتا ہے‘۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ’میں نے خلیل الرحمٰن کو کہا کہ ’عمل‘ کے ڈائیلاگز میں وہ ہیرو کو ’فواد کھگّا صاحب‘ کہتی ہے، آپ اس کو تبدیل کر کے صرف کھگّا صاحب کردیں، لیکن وہ اس بات پر راضی نہیں ہوئے تو میں نے فلم کرنے سے انکار کردیا‘۔
شو کے میزبان نے ایمان علی سے پوچھا کہ ’کیا آپ کو اس فلم سے خلیل الرحمٰن نے نکالا ؟ کیونکہ وہ ہی اپنی فلموں اور ڈراموں سے اداکاراؤں کو نکالتے ہیں‘۔
اس سوال کے جواب میں ایمان نے فوراً بولیں کہ ’ نہیں وہ کیا نکالیں گے مجھے، میں نے شوٹ سے 3 روز قبل اس فلم کو کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ فلم ’پنجاب نہیں جاؤنگی‘ 6 سال قبل 2017 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ادکارہ مہوش حیات نے ہیروئن ’عمل‘ اور ہمایوں سعید نے ہیرو ’چوہدری فواد کھگّا‘ کا کردار نبھایا تھا جبکہ عروہ حسین نے دردانہ بٹ کا سپورٹنگ رول کیا تھا۔









