بہاولپور(ممتاز نیوز) بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری ذوالفقار علی مان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام صنعتی و تجارتی برادری پٹرولیم مصنوعات میں کیے جانے والے حالیہ اضافے پر شدید احتجاج کرتی ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ حکومت اپنے آخری دنوں میں جاتے جاتے عوام پر مہنگی بجلی کے ساتھ ساتھ پٹرول بم بھی گرا کر جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا بھاری بھر کم اضافہ کسی بھی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ مہنگی بجلی اور اور مہنگی پٹرولیم مصنوعات کی وجہ سے انڈسٹری اور دیگر کاروبار کو چلانا انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے اور اسی وجہ سے پبلک وگڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی یقینی طور پر اضافہ ہوگا جس سے کاروبار کے ساتھ ساتھ عام آدمی بھی شدید متاثر ہوگا۔ صدر چیمبر نے حکومت کے اس موقف کو بھی یکسر مسترد کر دیا ہے کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی صورت میں کیا گیا ہے جبکہ حکومت کو یہ معاہدہ یاد رہا اور حکومت میں آنے سے پہلے عوام سے کیے گئے وعدے بھول گئے۔صدر چیمبر نے پاکستان کی عالیٰ عدلیہ اور آرمی چیف سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات اور غریب و متوسط طبقے کے مالی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پر زور دیں کہ اس طرح کے سخت فیصلے کرنے سے اجتناب کریں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری بھر کم اضافہ قابل قبول نہیں،صدربہاولپور چیمبر آف کامرس








