خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین آج چھٹی پر ہیں جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں ہوگی، جب کہ پی ٹی آئی نے ڈیوٹی جج سے درخواستیں سننے کی اپیل کردی ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت کرنے والے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین آج چھٹی پر ہیں، جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر آج سماعت نہیں ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے وکلا عدالت پہنچے تو عدالتی عملے نے انہیں مطلع کیا کہ جج ابو الحسنات ذوالقرنین 8 ستمبرتک رخصت پر ہیں۔
پی ٹی آئی وکلاء نے درخواست کی کہ ہمیں کوئی راستہ دکھائے کہ ہم کیا کریں۔
ڈیوٹی جج راجا جواد نے کہا کہ آپ ہائیکورٹ سے مارک کرادیں تو میں بھی کیس سن سکتا ہوں، دوطریقے ہیں یا رجسٹرار ہائیکورٹ سے رجوع کریں یا 9 ستمبر تک انتظار کرلیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہم ایک درخواست دیتے ہیں آپ جو بھی آرڈرکریں گے، ہمیں منظور ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیوٹی جج کو ضمانتیں سننے کی درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ ضمانت کا معاملہ ہے آپ ڈیوٹی جج ہیں اسی لئے ہمیں سن لیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل جبکہ شاہ محمود اڈیالہ جیل میں قید ہیں، عدالت نے آج فریقین سے دلائل طلب کر رکھے تھے۔
30 اگست کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں ہونے والی سائفر کیس کی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبرتک توسیع کردی گئی تھی۔
عمران خان کو جج ابوالحسنات کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری لگانے کے بعد اُن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی تھی۔








