بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قائداعظم کے تصورات پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالا جا سکتا ہے: راجہ ظفرالحق

معیشت کو بہتر کرنے کیلئے سرحدیں کھول کر پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھائی جائے۔ سید مشاہد حسین
تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں۔ احسن بختاوری
قائداعظم کے تصور پاکستان کو عملی شکل دینے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز مل کر کردار ادا کریں۔ ظفر بختاوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں قائداعظم کے تصور پاکستان کے موضوع پر خصوصی نشست کا انعقاد
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ادارہ نظریہ پاکستان کے اشتراک سے ”قائد اعظم کا تصور پاکستان” کے موضوع پر ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا۔ ادارہ نظریہ پاکستان کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران سنیٹر راجہ ظفر الحق اور سنیٹر سید مشاہد حسین، سلمان فاروق، پروفیسر نعیم قاسم، ممبران جنرل کونسل انجینئر عارف شیخ اور غزالہ شاہین وائیں سمیت دیگر معززین نے نشست میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسی فلاحی ریاست کا تصور دیا تھا جہاں تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی، محبت اور یگانگت کے ساتھ زندگی گزاریں گے جہاں قانون کی حکمرانی اور اظہار رائے کی آزادی ہو گی اور جہاں سب کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم ہوں گی۔ تاہم پاکستان میں اس وقت ان چیزوں کا فقدان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظم کے تصورات اوراصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالا جا سکتا ہے لہذا سب کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سنیٹر سید مشاہد حسین نے کہا کہ قائداعظم پاکستان کی معیشت میں نجی شعبے کو زیادہ کردار دینا چاہتے تھے تاکہ پاکستان ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک میں کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے تا کہ بزنس کمیونٹی کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم قانون کی حکمرانی اور پاکستان میں تمام برادریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتے تھے اور اب ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ پاکستان میں ان اصولوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرحدیں کھول کر پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے پر توجہ دے جس سے خطے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے کے لیے عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا تھا لیکن موجودہ حالات ان کے تصور کے خلاف ہیں کیونکہ عوام کو اس وقت تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے جبکہ کاروباری اداروں کو بھی متعدد مشکلات کا سامنا ہے اور ہماری معیشت بہت کمزور ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں تا کہ پاکستان مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کی طرف بڑھے۔۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کر کے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے لہذا اس سلسلے میں حکومت اقدامات کرے۔
ادارہ نظریہ پاکستان کی جنرل کونسل کے رکن ظفر بختاوری نے کہا کہ قائداعظم نے ایک متحد ہ پاکستان کا تصور دیا تھا جس میں تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزاریں گے لیکن بدقسمتی سے پاکستانی معاشرے کو پولرائزیشن اور ہائبرڈ وار کے ذریعے تقسیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے تصور کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ناہید عمران گل سیکرٹری جنرل، سیف اللہ چوہدری ایڈیشنل سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان، چوہدری اکرم ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز، انجینئرعارف شیخ، جنرل (ر) حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور معاشی استحکام کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ملک ایک فلاحی ریاست کی طرف بڑھ سکے۔