اسلام آباد(طارق محمود سمیر)نگران حکومت نے ایک ماہ کے مختصر عرصے میں پٹرول کی قیمت میں 58روپے 43پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 55روپے 78پیسے کا
بڑا اضافہ کر کے غریب اورمتوسط طبقے کو نہ صرف مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے بلکہ مہنگائی کا ایک نیا طوفان 16ستمبر سے شروع ہو چکا ہے۔ گزشتہ رات پٹرول کی قیمت میں 26 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے کا بڑا اضافہ غیر متوقع ہے حالانکہ اوگرا نے جو تجاویز بھیجی تھیں اس میں کم اضافہ تجویز کیا گیا تھا لیکن وزارت خزانہ نے پٹرولیم لیوی ٹیکس بڑھا کر پٹرول کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ کیا ، عوام کے اندر شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے اور حال ہی میں حکومت چھوڑ کر جانے والی سیاسی جماعتوں نے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لئے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید شروع کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اور نگران حکومت کے 17ماہ کا جائزہ لیا جائے تو پٹرول کی قیمت 150روپے سے بڑھ کر 332روپے تک پہنچ چکی ہے ڈالر 190سے بڑھ کر 300روپے کے قریب ہے ، مہنگائی کی شرح 13فیصد سے بڑھ کر 27فیصد تک آچکی ہے ۔ ایک وقت میں یہ شرح 38فیصد تک بھی گئی ہے یہ اعداد و شمار سرکاری طور پر بتائے گئے ہیں ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ شہبازشریف حکومت اور ماضی میں عمران خان حکومت میںکئے گئے دو معاہدوں میں یہ لکھ کر دیا گیا تھا کہ پٹرول پرکوئی سبسڈی نہیں دی جائے گی اوراسی وجہ سے پٹرول کی قیمتوں میں جب عالمی سطح پر بڑا اضافہ ہوتا ہے تو وہی اضافہ عوام کو منتقل کر دیا جاتا ہے ۔ پاکستان پٹرولیم مصنوعات کی 80فیصد ضروریات درآمدکرتا ہے ، لیوی 60 روپے فی لیٹر ہے اورپٹرول پر مجموعی طور پر دیگر بھی کئی ٹیکسز عائد ہیں اور80سے 90روپے کے درمیان حکومت فی لیٹر ٹیکس کی مد میں آمدن حاصل کر رہی ہے ۔ غریبوں کا کوئی بھی نہیں سوچ رہا ، آپس کی سیاسی لڑائی لڑی جارہی ہے ، عوام پہلے ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر سراپا احتجاج ہیں ۔ نگران حکومت کو ڈالرکی حالیہ قیمت کم ہونے کا کسی بھی طریقے سے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہئے تھا ۔ ڈالرکی قیمت میں 20 سے 25 روپے کمی ہوئی ہے لیکن عوام تک کوئی ریلیف نہیں پہنچا۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان سخت بیان بازی شروع ہو چکی ہے اورپیپلزپارٹی وہی طرز عمل اپنا رہی ہے جو ماضی میں ن لیگ کے خلاف اپناتی رہی ہے ۔ سندھ میں نئے سیاسی اتحاد جس میں ایم کیو ایم ، جی ڈی اے ، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام( ف) شامل ہو رہے ہیں اس پر پیپلزپارٹی کے شدید تحفظات سامنے آئے ہیں ۔ اندرون سندھ میں پیپلزپارٹی تنہا ہی سیاسی میدان گزشتہ 15سال سے مار رہی ہے اوراس کے مقابلے میں تحریک انصاف ،ن لیگ اور دیگرجماعتیں سندھ میں اپنی سیاسی پوزیشن کو اب تک مضبوط نہیں بنا سکیں ۔ ویسے پیپلزپارٹی کو سندھ میں مضبوط ہونے کے بعد اتنا خوفزدہ ہونے کی کیا ضرورت ہے کہ بلاول بھٹو اور دیگر رہنما بار بار لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کے شکوے کر رہے ہیں ، حالانکہ 2018میں آصف علی زرداری نے سابق اسٹیبلشمنٹ سے مل کر (ن) لیگ کو خاصا نقصان پہنچایا اور جب نیب کا شکنجہ عمران خان کے دور میں تیز ہوا تون لیگ اور پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم بنایا اور موثر سیاسی اتحاد بنانے کے بعد سابق اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان سے ہاتھ اٹھا لیا اور پی ڈی ایم نے ملکر عمران خان کو اقتدار سے نکالا اب عمران خان جیل میں ہے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے لئے سیاسی میدان بظاہر تو صاف نظر آرہاہے لیکن سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ، بیروزگاری اور معیشت کی تباہی میں یہ دونوں جماعتیں کن نعروں پر عوام سے ووٹ لیں گی یا صرف الیکٹیبلز اور دیگر کے سہاروں کے ذریعے اقتدار حاصل کیا جائے گا ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے ن لیگ کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ ووٹ کو عزت دوکا نعرہ کس کے کہنے پر ترک کیا ، سابق اتحادی یہ بتا دیں اور سابق اتحادی جماعت کو ہمیشہ اقتدار کے لئے سہاروں کی ضرورت ہوتی ہے جس پر جواباً ن لیگ کے حنیف عباسی نے بھی سخت زبان استعمال کی اور کہا کہ کب تک پیپلزپارٹی’’ بھٹو زندہ ہے ‘‘کے نعرے پر ووٹ لیتی رہے گی ۔پیپلزپارٹی حقیقت کو تسلیم کرے ، بھٹو مر چکا ہے ۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں میں اس طرح زبان درازی افسوسناک قرار دی جاسکتی ہے بلکہ میثاق جمہوریت اورجمہوری روایات کے بھی منافی ہے ۔پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی جنہیں 12ویں مرتبہ دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں انٹی کرپشن حکام راہداری ریمانڈ پر لاہور لے گئے ہیں ۔گزشتہ روز ہی جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور ہوئی تھی اوروہ اس سے پہلے بھی کئی مقدمات میں ضمانت منظور ہونے پر رہا نہیں ہو سکے ۔ ان کا معاملہ روز بروز بگڑتا جارہا ہے اور چوہدری پرویز الہٰی کو نہ جانے کب تک وعدہ خلافی کی سزا دی جاتی رہے گی ۔
تجزیہ
پٹرول مہنگا،ڈالرقدرمیں کمی کا فائدہ نہیں ملا








