بااثر پیر کے گھر ہلاک ہونے والی 10 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی والد نے بیان دیا ہے کہ مجھےانصاف چاہیے ورنہ خود سوزی کرلوں گی، اپنی بیٹی کا خون رائیگاں نہیں جانےدوں گی۔
رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں جاں بحق ہونے والی گھریلو ملازمہ فاطمہ فروڑ کی والد شمیم فروڑ نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پولیس حنا شاہ اور فیاض شاہ کو اب تک گرفتار نہ کرسکی یہ پولیس کی نااہلی ہے۔
فاطمہ فروڑ کا کہنا ہے کہ ملزم اسد شاہ کو پولیس نے ایئرکنڈیشن میں رکھا ہوا ہے، اور اس کے موبائل فون کا پن کوڈ بھی نہیں لیا جاسکا، مجھے انصاف چاہیے ورنہ خود سوزی کرلوں گی، اپنی بیٹی کا خون رائیگاں نہیں جانےدوں گی۔
واضح رہے کہ رانی پور میں بااثر پیر کے گھر جنسی زیادتی اور تشدد سے جاں بحق ہونے والی 10 سالہ فاطمہ کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، اور گزشتہ روز ڈی آئی جی سکھر نے کیس کے انویسٹی گیشن آفیسر کو تبدیل کردیا تھا۔
ڈی آئی جی سکھر کے حکم پر فاطمہ کیس کے آئی او بچل قاضی کو ہٹا کر ڈی ایس پی صفی اللہ سولنگی کو آئی او مقرر کردیا گیا ہے۔
واقعے کا پس منظر
16 اگست کو خیرپور میں واقعہ پیش آیا، جہاں بااثر پیر کی حویلی میں 10 سالہ بچی فاطمہ پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی، ”آج نیوز“ نے رانی پور میں ہونے والے اس دلسوز واقعے کی خبر سب سے پہلے دی تھی اور خبر نشر ہونے کے بعد انتطامیہ حرکت میں آئی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں شروع ہوگئیں، جب کہ متوفی بچی کے والدین کے بیانات کی روشنی میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
بچی کی لاش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح تھے۔ تاہم بچی کو پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی دفن کردیا گیا، اور پولیس نے جاں بحق بچی کا میڈیکل اور پوسٹ مارٹم کروائے بغیر ہی کیس داخل دفتر کردیا۔
واقعے کا مرکزی ملزم اسد شاہ کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، اور پولیس کی درخواست پرعدالت کی جانب سے بچی کی قبر کشائی کی اجازت دی گئی تھی۔








