بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نگران حکومت کاایک ماہ میں پیٹرول 41روپے11پیسے مہنگاکرنے کا نیا ریکارڈ

اسلام آباد(اصغر چوہدری) نگران حکومت نے ایک ماہ میں 41روپے11پیسے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا جس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی ، پی ڈی ایم کے سولہ ماہ کے دوران مجموعی طور پر صرف پیٹرول کی قیمت میں 128.80روپے اضافہ ہوا جبکہ نگران حکومت نے آتے ہیں ایک ماہ سے زائدعرصے  کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 58روپے33پیسے کا اضافہ کیا جس سے پہلی بار پیٹرول کی قیمت نے ٹرپل سنچر ی کو مکمل کیا ۔وزارت پیٹرولیمم کے اعداد و شمار کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں پیٹرول فی لیٹر کی مجموعی قیمت 144روپے15پیسے تھی جو سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے 16ماہ کی حکومت کے دوران بڑھ کر 272.95 روپے ہوگئی۔ اس طرح ڈیزل کی قیمت 118 روپے سے بڑھ کر 273 ہوگئی۔ شہباز شریف کے دور حکومت میں ڈیزل کی قیمت میں 154 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 127 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔نگراں حکومت کے آنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی آئی ہے۔ نگراں حکومت کے ایک ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمت 58 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 56 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ نگراں حکومت کے آتے ہی اگلے روز 16 اگست کو پیٹرول کی قیمت میں 17.5 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا ،نگران حکومت نے 15 روز بعد یکم ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 14.91 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 18.44 روپے اضافہ کر دیا گیا، پیٹرول کی قیمت 290.45 سے بڑھ 305.36 اور ڈیزل کی قیمت 293.40 سے بڑھ کر 311.84 روپے ہوگئی۔ایک مہینے میں دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ پیٹرول کی قیمت میں اس بار 26.2 اور ڈیزل کی قیمت میں 17.34 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 331.38 اور ڈیزل 329.18 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ملکی تاریخ میں پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح 331 اور ڈیزل 329 فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب سنگل فیگر کے بجائے ڈبل فیگر میں بڑھنے لگی ہیں۔ پہلی بار پیٹرول 26 اور ڈیزل 17 روپے بڑھا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈبل فیگر اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آیا ہے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے حکومتی اجازت کے بغیر ہی کرایوں میں اضافہ کردیا ہے توانائی امور پر نظر رکھنے والے ماہرین اس بات پر بھی حیران ہیںکہ ایک جانب روس سے آنے والے تیل کے بعد عوام کو ریلیف دینے کا عندیہ دیا گیا تھا جبکہ دوسری جانب ڈالرز کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اس کے باوجود حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنے بڑے اضافے کی توقع نہیں کی جارہی تھی ۔