بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہمارے دور میں صحافیوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو سکتی،نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی

کراچی(ممتازنیوز ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ کراچی پریس کلب میرا پرانا گھر ہے،کراچی پریس کلب کی تاریخی حیثیت ہے، کراچی پریس کلب جمہوریت کے ارتقاءکا اہم مورچہ رہا ہے، فکر، علم و دانش کی آزادی اور عوام کے حق حکمرانی میں کراچی پریس کلب کا کردار لائق تحسین ہے،مارشل لاءدور میں بھی کراچی پریس کلب سے جمہوریت کی آزادی کے لئے توانا آواز ابھری۔
ہفتہ کوکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ آج بھی پاکستان کے محنت کش، مظلوم عوام اپنا دکھ درد سنانے کراچی پریس کلب آتے ہیں، ملک میں الیکشن ہوں یا نہ ہوں، کراچی پریس کلب میں ہمیشہ الیکشن ہوتے ہیں، صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کی ملازمتوں سے متعلق مسائل موجود ہیں، موجودہ نگران حکومت آرٹیکل 224 کے تحت ایک قانونی حکومت ہے، ہمارے دور میں صحافیوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہاکہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائیں گے،صحافیوں کی بہتری کے لئے جو اقدامات فوری طور پر اٹھائے جا سکتے ہیں، وہ اٹھائیں گے، الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتہ میں انتخابات کا اعلان کیا ہے،الیکشن کمیشن بااختیار آئینی ادارہ ہے، اس کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے اندر آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے،الیکشن کمیشن کی ہر طرح سے مدد اور ضرورت پوری کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نےکہاکہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، عام انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،30 نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل ہو جائیں گی، الیکشن کی حتمی تاریخ بھی دے دی جائے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں قیمت سے ہوتا ہے۔
نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ، ہماری حکومت کے انتظامی اقدامات سے ڈالر کی قیمت نیچے آئی ہے، امید ہے کہ آئندہ دنوں میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگی، اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے والے میڈیا ہاؤسز کو سرکاری اشتہار جاری نہیں کئے جائیں گے، بجلی کی چوری کی مد میں تقریباً 8 ارب روپے کی ریکوری ہوئی ہے، بجلی چوری کی وجہ سے دیگر صارفین پر بوجھ پڑتا ہے۔