بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن، نواز شریف کی گرفتاری؟ اس وقت باپ پارٹی فیورٹ کیوں؟ تجزیہ

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف کی وطن واپسی پر وزیرداخلہ کی طرف سے گرفتاری کے بیان نے نئی سیاسی ہلچل پیدا کردی ہے اور نگران حکومت کے باپ پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیرداخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی اپنے بیان پرچندگھنٹے ہی قائم رہے اور رانا ثناء اللہ کے جوابی دھمکی آمیز بیان کے بعد سرفراز بگٹی نے وضاحتیں شروع کردیں ،گزشتہ رات نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے یہ کہا تھا کہ نوازشریف وطن واپسی پر گرفتاری کیلئے تیار رہیں اور اگر انہیں عدالت سے عبوری ریلیف نہ ملا تو قانون کے مطابق گرفتاری کیلئے چند افسران اور اہلکار ہی کافی ہوں گے ، اس بیان پر میڈیا میں بحث ومباحثے شروع ہو چکے ہیں اور اسے کئی حوالوں سے بھی دیکھا جا رہا ہے ، ایک تو یہ کہ میاں نوازشریف نے سابق آرمی چیف اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے علاوہ سپریم کورٹ کے تین ریٹائرڈ ججز اور ایک موجودہ جج کا احتساب کرنے کے بیانیہ کے بیان کے بعد باپ پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیرداخلہ کے بیان کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ اس وقت باپ پارٹی فیورٹ بنی ہوئی ہے ، انوار الحق کاکڑ باپ پارٹی کے بانی رہنما ہیں اور وہ اس وقت نگران وزیراعظم بنے ہوئے ہیں وہ بھی غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان کے بغیر الیکشن ہونے کی نوید سنا چکے ہیں اور وزیرداخلہ کا بیان بھی خاصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ باپ پارٹی کے سرپرست کون ہیں ،کن لوگوں نے بنوائی تھی سب واضح ہوچکا ہے ،2018 میں صادق سنجرانی ،سابق ڈی جی آئی ایس لیفٹیننٹ جنرل(ر)فیض حمیدکی حمایت اور پلاننگ سے چیئرمین بنے تھے اور بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت کا تختہ الٹا گیا اور باپ پارٹی قائم کی گئی ، نئی اسٹیبلشمنٹ کے آنے کے بعد بھی باپ پارٹی کی اہمیت ختم نہیں ہوئی اور باپ پارٹی کے رہنما کو نگران وزیراعظم بنوایا گیا ، رانا ثناء اللہ اور مریم اورنگزیب نے نگران وزیرداخلہ کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا جس پر نگران وزیرداخلہ کو بیک فٹ پر جانا پڑا اور وہ اب اپنے بیان کی وضاحتیں دے رہے ہیں کہ ان کی بات کو غلط رنگ دیا گیا ۔ن لیگ کے سینئر رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں نئی سیاسی جماعت بنانے کے لئے مشاورت کا عمل بہت تیز ہوگیا ہے ، تین اہم اجلاس ہوچکے ہیں جن میں سیاسی جماعت کے قیام کا اصولی فیصلہ توکر لیا گیا ہے،کئی نام زیر غور آئے ہیں جن کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی ، شاہد خاقان عباسی گزشتہ کئی دنوں سے اپنی پارٹی قیادت سے نہ صرف اختلاف کر رہے تھے بلکہ اس کا کھل کر اظہار اپنے بیانات میں بھی کرتے رہتے ہیں ، شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکر، خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ سردار مہتاب احمد خان عباسی ، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، بلوچستان سے اہم رہنما لشکری رئیسانی ،خیبرپختونخوا سے سبحان خان اور دیگر رہنما شامل ہیں،مشاورت کا عمل ابھی بھی جاری ہے ، اس ضمن میں جب روزنامہ ممتاز نے ان میٹنگز میں شریک اہم رہنما سے بات کی تو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انہوں نے بتایا کہ اصولی طور پر تو یہ طے پا چکا ہے کہ نئی سیاسی جماعت بنائی جائے گی کیونکہ لوگ باقی جماعتوں سے مایوس ہورہے ہیں اور ان جماعتوں کے پاس ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ، اس رہنما سے جب پوچھا گیا کہ کیا سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان بھی اس جماعت کا حصہ بن رہے ہیں ؟ تو ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار علی خان ایک سینئر سیاستدان ہیں وہ ایک اپنی رائے رکھتے ہیں تاہم ابھی تک نئی سیاسی جماعت میں چودھری نثار علی خان کی شمولیت کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ کیا گیا ہے ، اس رہنما نے واضح اشارہ دیا کہ آئندہ ہفتے تک صورتحال واضح ہوجائے گی جس کے بعد نئی سیاسی جماعت کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا جاسکتا ہے اور اس جماعت کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کو بنانے کی تجویز دی گئی ہے دیگر عہدوں کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،کئی پہلو زیر غور ہیں۔جہاں تک شاہد خاقان عباسی کی سیاست کا تعلق ہے وہ مری اور کہوٹہ کے حلقے سے 1988سے 2013تک قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں جب نوازشریف کو 2017میں نااہل کیا گیا تو نوازشریف نے دیگر سینئر رہنمائوں خواجہ آصف ، احسن اقبال ، چودھری نثار اور رانا تنویر کو نظر انداز کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنایا اور جب 2018میں شاہد خاقان عباسی اپنے آبائی حلقے سے تحریک انصاف کے صداقت عباسی سے الیکشن ہار گئے تو نوازشریف کی ہدایت پر حمزہ شہباز نے لاہور سے قومی اسمبلی کی جو نشست خالی کی اس پر شاہد خاقان عباسی کو آخری دن ٹکٹ جاری کیا گیا اور وہ قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے حالانکہ ن لیگ کی قیادت نے چودھری عابد شیر علی کو اس حلقے سے ٹکٹ جاری کردیا تھا اور وہ اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کراچکے تھے ، پارٹی قیادت کے حکم پر عابد شیر علی نے کاغذات واپس لے لیے تھے ، ن لیگ کی قیادت اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان اختلافات میں اس وقت زیادہ شدت آئی جب پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہونے پر میاں شہبازشریف کو وزیراعظم بنایا گیا تو شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیانات کے ذریعے ناراضی کا اظہار کیا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ عمران خان کے دور میں وہ جیل کاٹ چکے ہیں اور شہبازشریف کے بجائے انہیں وزیراعظم بنایا جانا چاہیے تھا ، جب جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی مدت ملازمت میں مزید توسیع لینا چاہی تو شاہد خاقان عباسی دو مرتبہ لندن میں نوازشریف کے پاس گئے اور جنرل(ر) باجوہ کو چھ ماہ کی توسیع دینے کی تجویز دی جسے نوازشریف نے مسترد کردیا اس کے علاوہ جب مریم نوازکو پارٹی کا سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بنایا گیا تو شاہد خاقان عباسی نے سینئر نائب صدرکے عہدے سے استعفیٰ دیا ، ان وجوہات کے سامنے آنے کے بعد شاہد خاقان عباسی اور نوازشریف کے درمیان جو دوریاں پیدا ہوئیں وہ اب ختم نہیں ہوسکتیں اسی لئے شاہد خاقان عباسی نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں ۔
تجزیہ