بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

باجوہ کی توسیع کیلئے ن لیگ کوپہلے پنجاب،پھروفاق میں حکومت دینے کی پیشکش ہوئی، خواجہ آصف نے نیاپنڈورابکس کھول دیا

اسلام آباد(ممتازنیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انکشاف کیا ہے کہ جب سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو دوسری مدت کے لئے ملازمت میں توسیع دی جارہی تھی تو اس وقت (ن) لیگ کو یہ پیشکش کی گئی تھی کہ پہلے مرحلے میں پنجاب حکومت اور دوسرے مرحلے میں وفاقی حکومت (ن) لیگ کو دے دی جائے گی مگر نوازشریف نے واضح طور پر کہا تھاکہ (ن) لیگ سابق آرمی چیف کی ایکسٹینشن کی حمایت غیر مشروط طور پر کر رہی ہے اور ہمیں کوئی فیور نہیں چاہئے ۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر نوازشریف سے مشاورت ہوئی تھی اور میرے ساتھ ملاقات میں نوازشریف نے واضح ہدایت دی تھی کہ (ن) لیگ غیر مشروط طور پر حمایت کرے گی اور جو بھی قانون سازی ہو گی اس میں ساتھ دیا جائے گا۔ جب میں لندن سے واپس آیا تو یہ شاید جنوری 2020 کی بات ہے میری ایک سابق اسٹیبلشمنٹ کی اہم شخصیت سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے پوچھا کہ کیا فیصلہ کیا گیا ہے ، میں نے فیصلے سے آگاہ کیا اور کہاکہ نوازشریف کی ہدایت ہے کہ ہمیں کوئی فیور نہیں چاہئے غیر مشروط طور پر جنرل (ر)قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت کریں گے ۔
خواجہ آصف نے اس اہم شخصیت کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ جس سے بھی میری ملاقات ہوئی انہوں نے واضح طور پر کہاکہ ہم نے عمران خان کو بہت برداشت کر لیا ہے (ن) لیگ جون 2020 میں پنجاب حکومت لے لے اور دسمبر 2020 میں وفاقی حکومت لے لے جس پر میں نے واضح کیا کہ ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں ہے ۔ فیض آباد دھرنے سے متعلق خواجہ آصف نے کہاکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جو فیصلہ دیا تھا اس پر عمل ہونا چاہئے اس دھرنے کا مقصد (ن) لیگ کو نقصان پہنچانا تھا ، ساری فلم چلائی گئی جس میں پانامہ اور دیگر چیزیں بھی شامل تھیں ، الیکشن میں تحریک انصاف کو کامیاب کروایا گیا ۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ ماضی میں فوج ،سیاستدانوں ، عدلیہ اور میڈیا سے جو غلطیاں ہوئی ہیں سب متفقہ طور پر قوم سے معافی مانگیں اور مستقبل کا ایجنڈا طے کریں ۔خواجہ آصف نے کہاکہ نوازشریف سرخرو ہو گیا ہے 21اکتوبر کو واپس آرہا ہے اور چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنے گا ۔ نوازشریف کو سیاسی طور پر ختم کرنے والے خود ختم ہو گئے ، سازشی کردار بے نقاب ہو گئے ، شاہد خاقان عباسی کی طرف سے نئی سیاسی جماعت بنانے کی خبروں پر خواجہ آصف نے کہاکہ مجھے ایسی باتیں سن کر دکھ ہوا ہے ، میرا جینا مرنا نوازشریف کے ساتھ ہے ۔