بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوازشریف کی پانامہ کیس میں نااہلی، عرفان صدیقی کے چیف جسٹس فائز عیسیٰ سے 21سوالات

اسلام آباد(ممتاز نیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سامنے مسلم لیگ (ن) کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف کی پانامہ کیس میں نااہلی سے متعلق 21 سوالات اٹھا دیے۔

اپنے ایک حالیہ کالم کے ذریعے انہوں نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ استفسار کیا کہ ابھی تک یہ بھید نہیں کھلا کہ پانامہ کی بنیاد پر نوازشریف کے خلاف جن درخواستوں کو فضول ،لعو، ناکارہ اور لایعنی قراردے کر سپریم کورٹ نے واپس کردیا تھا وہ یکا یک معتبر اور قابل سماعت کیسے ہوگئے؟

نوازشریف کے خلاف بننے والی جے آئی ٹی کی طرح کیا کسی اور کےلئے بھی ایسی فتنہ ساماں جے آئی ٹی جس میں دو اعلیٰ فوجی افسران شامل ہیں؟

نوازشریف کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی طرح کیا کسی اور جے آئی ٹی کےلئے بھی واٹس ایپ کال کے ذریعے ایسی دیدہ ریزی بلکہ دیدہ دلیری کے ساتھ ہیرے تلاش کئے گئے؟

نوازشریف کی طرح کیا کسی اور جے آئی ٹی کی مسلسل نگرانی کےلئے کوئی عدالتی بینچ تشکیل پایا؟

نوازشریف کی طرح کیا کسی اور جے آئی ٹی کو بھی دنیا بھر کے بینکوں کے کھاتے کھنگالنے کے لئے لاکھوں یا شاید کروڑوں ڈالر فراہم کئے گئے ؟

نوازشریف کے خلاف اقدامات کی طرح کیا کسی اور جے آئی ٹی کو بھی یہ اختیار دیا گیا کہ وہ بیرون ملک سراغ رسانی کےلئے بھاری بھرکم ٹھیکہ اپنے کسی بھانجے بھتیجے کو بخش دے؟

عرفان صدیقی نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ نوازشریف کے خلاف اقدامات کی طرح کیا کبھی ایسے ہوا کہ پانچ رکنی بینچ میں سے دو فیصلہ دے کر الگ ہوجائیں باقی تین کارروائی چلاتے رہیں اور فیصلہ سنانے کےلئے پھر پانچوں جمع ہوجائیں؟

جو نوازشریف کے خلاف ہوا کیا کوئی ایسی نظیر ہے کہ قابل وصول کی تشریح کےلئے مروجہ ملکی قواعد وضوابط سے ہٹ کر بلیک ڈکشنری استعمال ہوئی ؟

کیا پانامہ لیکس میں آئے 500کے لگ بھگ پاکستانیوں میں سے نوازشریف کے علاوہ کسی ایک کے خلاف بھی کوئی کارروائی ہوئی؟

کیا نوازشریف کا نام پانامہ لیکس کا حصہ تھا؟ عرفان صدیقی نے مزید پوچھا کہ کیا سپریم کورٹ نے کسی اور پاکستانی کے خلاف بھی ریفرنسز دائر کرنے کےلئے براہ راست نیب کو حکم جاری کیا ؟

نوازشریف کی طرح کیا کسی اورمقدمے میں بھی احتساب عدالت کی مسلسل نگرانی کےلئے کبھی سپریم کورٹ کا ایسا مانیٹرنگ جج تعینات کیا گیا جو پہلے ہی ملزم کے خلاف فیصلہ دے چکا ہو؟

نوازشریف کے معاملے کی طرح کیا سپریم کورٹ نے کسی اور احتساب عدالت کو حکم دیا کہ یہ مقدمہ تین ماہ کے اندر اندر ختم ہونا چاہیئے؟

انہوں نے یہ پوچھا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلوں کی بھرمار کی طرح کیا کسی اور مقدمے میں بھی چیف جسٹس نے عدالت لگا کر یہ نادر شاہی فرمان جاری کیا کہ سماعت صبح سے شام اور ہفتہ وار تعطیل والے دن بھی جاری رکھی جائے گی ؟

عرفان صدیقی کے مطابق عدالت نے اپنی زنبیل سے طلسمی کبوتر نکالا کہ اگرچہ آئین میں کسی بھی نااہلی کی زیادہ سے زیادہ معیاد پانچ سال ہے لیکن نوازشریف پر لاگو آرٹیکل 62 این ایف کے بارے میں چونکہ آئین خاموش ہے اس لئے اس کے تحت نااہلی تاحیات ہوگی ۔

یہ فیصلہ چے معنی دارد؟ سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ بھی پوچھا کہ پارلیمنٹ نے طے کیا کہ نااہل قراردیا گیا شخص بھی پارٹی سربراہ رہ سکتا ہے ، عدالت لگی اور اس میں نوازشریف کی مخالفت میں پارلیمنٹ کا یہ قانون کالعدم قراردےدیا کیا یہ درست تھا؟

ثاقب نثار کو خبر ہوئی کہ سینیٹ کے انتخابات کےلئے جاری ٹکٹوں پر نوازشریف کے دستخط ہیں ، عدالت بیٹھی فیصلہ آیا یہ دستخط مسترد کئے جاتے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنا پڑا، منصوبہ یہ تھا کہ آزاد سینیٹرز کو آسانی سے پی ٹی آئی کے ریوڑ میں دھکیل دیا جائے گا ، اس اقدام کو کیسے دیکھتے ہیں ؟

انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ اپنے عہد کے مردصف شکن جنرل فیض حمید دو بار جسٹس شوکت عزیرصدیقی کے گھر گئے اور کہا کہ نوازشریف اور مریم کی ضمانت نہیں ہونی چاہیے ورنہ ہماری دو سال کی محنت ضائع ہوجائے گی، کیا یہ حلف سے غداری نہیں؟

عرفان صدیقی نے چیف جسٹس یہ بھی پوچھا کہ جنرل فیض نے نوازشریف معاملہ پر دوسری بار جسٹس شوکت صدیقی سے فرمایا آرمی چیف جنرل باجوہ کہتے ہیں کہ تم کیسے ڈی جی سی ہو کہ ہائیکورٹ کا ایک جج بھی تمہارے قابو میں نہیں آرہا،کیا یہ درست تھا؟

جری جج صاحبان میں سے کسی کو حوصلہ نہ ہوا کہ فیض حمید کو بھی بلا کر گڈ ٹو سی یو کہتے ہوئے پوچھ لیتا کہ نوازشریف کے خلاف اقدامات بارے شوکت عزیز صدیقی سچ کہہ رہا ہے یا جھوٹ؟

عرفان صدیقی نے یہ پوچھا کہ عالی مرتبت قاضی صاحب کیا آپ اپنی آزادی کے بارے میں بے حد حساس عدلیہ میں اتنا دم خم ہے کہ وہ نوازشریف کے خلاف شخصی بغض اور عناد یا ایجنڈے کی بنیاد پر اپنے حلف کو رسوا ،عدل کو بے توقیر اور عدلیہ کی توہین کرنے والے جج صاحبان کا محاسبہ کرسکے اور کیا ایک اور تاریخی فیصلہ بھی بہت سی الجھنیں دور نہیں کردے گا کہ آئین ،قانون اور انصاف کچھ بھی کہتے رہیں ججوں ،جرنیلوں اور سیاستدانوں کو ایک ترازو میں نہیں تولا جاسکتا؟