بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیض آباد دھرناکیس میں اہم فریقوں کی دستبرداری سوالیہ

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنانظرثانی کیس چارسال بعد سماعت کے لیے لگالیکن پہلی سماعت پرہی اس وقت دلچسپ صورتحال پیداہوئی جب اہم فریقوں وفاق ، پیمرا، پی ٹی آئی کی طرف سے کیس سے دستبردار ہونے کا کہا۔ قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت شروع کی تو اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاق اس کیس میں دفاع نہیں کرنا چاہتا، اس پر چیف جسٹس نے پو چھا کہ اب کیوں کیس واپس لینا چاہتے ہیں؟ پہلےکہا گیا فیصلے میں غلطیاں ہیں، اب واپس لینے کی وجوہات تو بتا ئیں؟ تو اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ نظر ثانی اپیل جب دائر کی گئی اس وقت حکومت اور تھی۔ دوران سماعت پیمرا کے وکیل حافظ احسان نے بھی عدالت کو بتایا کہ میں بھی اپنی نظر ثانی اپیل واپس لے رہا ہوں، اس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس کی ہدایات پر واپس لے رہے ہیں؟۔ پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کیا کہ ہم پی ٹی آئی کی درخواست کی پیروی نہیں کرناچاہتے ، اس پر چیف جسٹس نے علی ظفر سے سوال کیا کہ کیا آپ کو درخواست واپس لینے کا اختیار ہے؟ اگر آپ فریق بننا چاہتے ہیں تو عدالت آپ کو اجازت دے گی علی ظفر نے جواب دیا کہ نہیں ہم اس کیس میں فریق نہیں بننا چاہتے ۔ اسی طرح الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی کہا کہ نظر ثانی کی درخواست واپس لے رہے ہیں ۔ اس کیس کا پس منظر کچھ اس طرح کہ 2017 مسلم لیگ (ن) سابق حکومت کی طرف سے الیکشن ایک میں ترمیم کرکے حلف میں کچھ الفاظ کا ردو بدل کیا گیا تھا جس کے خلاف اسی سال نومبر کے آغاز میں تحریک لبیک پاکستان نے فیض آباد چوک پر دھرنا دیا جو 22 روز تک جاری رہا تھا دھرنے کے اختتام پر شرکا میں پیسے بانٹنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ دھرنے کے دوران 21 نومبر 2017 کو سپریم کورٹ کا دور کنی بینچ معمول کے مقدمات کی سماعت کر رہا تھا کہ وکلا کی عدم پیشی کی شکایت ہونے لگی، اسی دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایک وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیض آباد کے مقام پر دھرنے کی وجہ سے عدالت پہنچنے میں وکلا اور سامعین کو دشواری کا سامنا ہے، اس پر عدالت نے فیض آباد دھر نے پر از خود نوٹس لے لیا اور جسٹس فائز عیسیٰ پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے سماعت کی تھی اس کیس کے فیصلے پر اس وقت کی حکومت اور مقتدر حلقوں کی طرف سے ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کو اپنے وزیر قانون زید حامد کی قربانی دینی پڑی تھی حالانکہ بعد میں جب پارٹی قیادت نے معاملے کی چھان بین کرائی تو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خاتون وزیر کا نام اس معاملے میں آیا تھا اور پھر 2018 میں شہباز شریف نے اس خاتون کو خصوصی نشست کے لیے ٹکٹ بھی نہیں دیا تھا تا ہم اس وقت وہ مسلم یگ (ن) کے سیکر یٹریٹ میں بیٹھتی ہیں۔ اپریل میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستیں دائر ہو ئیں بدھ کو ان نظر ثانی درخواستوں پر پہلی سماعت پر اہم فریقوں کی مقدمے سے دستبرداری کے حوالے سے اگر چہ کوئی ٹھوس جواز پیش نہیں کئے گئے لیکن ایک رائے یہ بھی ہے کہ چونکہ چیف جسٹس فائزکی سربراہی میںبینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے اور فائز عیسی نے ہی یہ فیصلہ بھی دیا تھا تو غالب امکان یہی ہے کہ فیصلہ برقرار رہے گا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ چونکہ اس کیس کے فیصلے پرعمل درآمد نہیں ہوا اس لیے فریقین چاہتے ہوں کہ اس معاملے پر مزید بات ہی نہ ہو اور عمل درآمد کا معاملہ دبار ہے لیکن بظا ہر ایسا لگ رہا ہے کہ چیف جسٹس نہ صرف کیس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں بلکہ اس پر عملدرآمد بھی یقینی بنانا چاہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سماعت کے دوران فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق سوالات اٹھائے اور سماعت یکم نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو 27 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ چنانچہ اگر یہ کیس آگے بڑھتا ہے تو اس پر مزید سخت فیصلہ آسکتا ہے جس سے حکومت اور دیگر فریقوں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہیکہ چیف جسٹس فائز عیسیٰ کے لیے یہ کیس اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کیس کے فیصلے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو برطرفی کے ریفرنس کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔