کراچی میں جیل چورنگی فلائی اوورکے قریب کار سوار شہری کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق جیل چورنگی فلائی اوورکے قریب 3 ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ کار سوار شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ 2 ڈاکو زخمی ہوئے جو خود کو راہ گیر بتا رہے تھے لیکن تفتیش کرنے پر پتا چلا کہ وہ راہ گیر نہیں بلکہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کے ساتھی ہیں جو لوٹ مار کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوسرا ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا جبکہ تیسرا ڈاکو زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ کار سوار شہری ڈاکوؤں پر فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
بفرزون میں بھی شہری کی ڈاکوؤں پر فائرنگ
دوسری جانب کراچی کے علاقے بفرزون سیکٹر 15-B کے قریب بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں ایک شہری کی جانب سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق 2 موٹرسائیکلوں پر سوار ڈاکو شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے کہ شہری نے ان پر فائرنگ کردی جس سے تین ڈاکو زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ تینوں ڈاکوؤں عامر حسین، عبدالرحمان اور اسماعیل کو گرفتار کرکے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔








