بیجنگ(نیوزڈیسک)چین کے دارالحکومت میں اسرائیلی سفارت خانے کے ایک ملازم پر حملہ آور نے تیز دھار چاقو کے پے در پے وار کیے اور فرار ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص چاقو تھامے ہوئے ہے اور دوسرے شخص کو زمین پر لٹا کر پے در پے وار کر رہا ہے۔
https://twitter.com/GoldingBF/status/1712804109667959062
چاقو کے وار سے حملے کا شکار شخص لہو لیان ہوجاتا ہے اور زمین پر بے سدھ لیٹ جاتا ہے۔ حملہ آور اسے مردہ سمجھ کر جائے وقوعہ سے بھاگ جاتا ہے جو خود بھی مڈ بھیڑ میں معمولی زخمی ہوگیا تھا۔
بعد ازاں اسرائیلی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ ان کے ایک ملازم پر بیجنگ میں چاقو سے حملہ کرکے مارنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخمی ہوئے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ زخمی اہلکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ حملہ آور کی گرفتاری اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق اس اہلکار پر بیجنگ کے سفارت خانے سے ایک کلو میٹر کی دور کسی اور مقام پر حملہ کیا گیا تاہم زخمی اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیل کی بمباری میں 1500 سے زائد فلسطینی شہید اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ 1300 اسرائیل مارے جاچکے ہیں۔









