جدہ(امیر محمد خان سے )غزہ میں گزشتہ کئی روز سے جاری اسرائیلی حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، دوسری طرف غزہ کے ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی قلت نے صورتحال کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے۔
مملکت سعودی عرب کی دعوت پر غزہ میں بڑھتی ہوئی فوجی صورتحال کے حوالہ سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس 18 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ او آئی سی کا یہ غری معمولی اجلاس جدہ گورنریٹ میں جنرل سیکرٹریٹ ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہو گا۔
اس حوالے سے جدہ میں او آئی سی سیکرٹریٹ کے مطابق تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی نے غزہ اور اس کے ماحول میں بڑھتی ہوئی عسکری صورتحال کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے بگڑتے حالات اور مجموعی سلامتی اور استحکام کے لیے وزارتی سطح پر غیر معمولی اجلاس طلب کیا ہے۔
دوسری جانب مسلسل اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ میں لاکھوں افراد سخت مشکل سے دوچار ہیں۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی)نے کہا کہ غزہ میں20 لاکھ سے زائد افراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق آئی سی آر سی نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں لاکھوں افراد کے پاس سونے کی جگہ نہیں ہے، غزہ میں 20 لاکھ سے زائدافراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔ ایمبولینسز زخمیوں تک نہیں پہنچ سکتیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا کہ انہیں غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک انسانی راہداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ راہداری غزہ میں شہریوں کی حفاظت اور مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور کہا کہ انہیں خوراک، طبی خدمات اور سامان کی ضرورت ہے۔
بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ
دوسری جانب اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی میں24 گھنٹوں کے دوران بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 فیصد بڑھ کر 338 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بتایا کہ 218 ہزار بے گھر فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے 92 سکولوں میں آباد کیا گیا ہے۔
غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے متحدہ عرب امارات نے ہنگامی طبی امدادی سامان سےبھرا طیارہ مصری شہر العریش بھیج دیا ہے، جہاں سے امدادی سامان رفحہ چیک پوسٹ کے راستے غزہ بھیجا جائے گا۔
غزہ کی تشویشناک صورتحال پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس طلب








