بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سکیورٹی فورسز کی کارروائی، بلوچ لبریشن آرمی کا اہم سرغنہ ساتھی سمیت ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ معلومات پر آپریشن کے دوران دہشتگرد صدام حسین مسلم ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گرد صدام حسین کا ایک اور ساتھی دہشتگرد مقصود بھی مارا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا۔
ہلاک دہشت گرد صدام حسین مسلم، گرو اور جبار جیسے ناموں سے بھی جانا جاتا تھا، آپریشن میں مارا جانے والا بلوچ لبریشن آرمی کا دہشتگرد صدام حسین 2008 میں بلوچ لبریشن فرنٹ کاحصہ بنا۔
پاکستان دشمنوں کی جانب سے دو دہائیوں سے مسلط کی گئی دہشت گردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز نے مختلف دہشتگرد گروپوں میں شامل دہشت گردوں کی بڑی تعداد کو ہلاک کیا ہے ۔
اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ’’ہلاک کئے جانے والے دہشت گردوں میں بڑی تعداد براہ راست پاکستانیوں پر حملے کرنے والے دہشتگردوں کی ہے جس کی وجہ سے دہشت گرد گروپوں کے درمیان اختلافات بڑھ چکے ہیں۔‘‘
بلوچ لبریشن آرمی اور ان کی آقا بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ ، بی ایل اے کی نچلے درجے کی بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائیوں کو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کی صورت میں بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔
دہشت گرد صدام حسین نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال اور بارودی سرنگیں نصب کرنے کی تربیت بلوچستان کے علاقے مشکے میں قائم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے دہشتگرد ٹریننگ کیمپ میں حاصل کی۔
سال 2014 میں دہشت گرد صدام حسین بلوچ لبریشن آرمی میں شامل ہوگیا جسے 2017 ء میں ضلع کیچ میں خفیہ تربیتی کیمپ کا کمانڈر اور 2021ء میں مقامی کمانڈر بنا دیا گیا، 2016 سے اب تک دہشتگرد صدام حسین جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 93 دہشتگردی کی وارداتوں بشمول گرنیڈ حملے، بارودی سرنگوں کے حملے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا، ان حملوں میں 131 معصوم لوگوں کی جانیں گئیں جبکہ 177 لوگ زخمی بھی ہوئے۔
ستمبر 2023 میں دہشت گرد صدام حسین ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان پر بھی حملے میں ملوث رہا، دہشت گرد صدام بلوچستان کے ضلع کیچ میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور ضلع میں نوجوانوں کو دہشتگرد گروپوں میں شامل کرنے کے حوالے سے اہم کردار تھا۔
دہشت گرد صدام حسین کیخلاف گوادر اور تربت میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں جبکہ دہشتگرد صدام حسین بلوچستان کے ضلع کیچ میں متعدد دہشتگرد سیل بھی چلا رہا تھا، دہشت گرد صدام صوبے کے معصوم نوجوان کو نام نہاد آزادی بلوچستان کے ایجنڈے کے تحت ورغلا کر دہشت گردانہ کارروائیوں کا حصہ بناتا تھا۔
بلوچ لبریشن آرمی (عبدالمجید بریگیڈ) کے دہشت گرد صدام حسین کی ہلاکت اس دہشت گرد تنظیم کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، دہشت گرد صدام حسین کی ہلاکت سے علاقے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں نہ صرف نمایاں کمی آئے گی بلکہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر دو رس اثرات مرتب ہوں گے اور علاقے میں امن و استحکام واپس لانے میں بڑی مدد ملے گی۔